لاہور: شہادت امام حسنؑ کے مرکزی جلوس میں عزاداروں کی بڑی تعداد شریک

لاہور: شہادت امام حسنؑ کے مرکزی جلوس میں عزاداروں کی بڑی تعداد شریک

ویب ڈیسک: حضرت امام حسن علیہ السلام کی شہادت کی مناسبت سے لاہور کے محلہ شیعاں، موچی گیٹ میں واقع حسینہ ہال سے مرکزی شبیہ تابوت کا جلوس نکالا گیا۔

اس موقع پر شہر بھر سے عزادار بڑی تعداد میں شریک ہوئے اور جلوس کے دوران فضائل و مصائب اہل بیتؑ پر خطابات اور نوحہ خوانی کا سلسلہ جاری رہا۔مرکزی جلوس سے قبل معروف عالم دین علامہ حسن ظفر نقوی نے امام حسنؑ کے فضائل، سیرت اور واقعہ شہادت پر مفصل خطاب کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ امام حسنؑ کی قربانی، صبر اور صلح امت مسلمہ کے لیے عظیم مثال ہیں۔جلوس مقررہ راستوں سے گزرتا ہوا رات گئے دوبارہ حسینہ ہال پر اختتام پذیر ہوگا۔ عزاداروں کی سہولت کے لیے مختلف مقامات پر سبیلیں، دودھ و شربت کی تقسیم اور لنگر کا انتظام کیا گیا۔

محکمہ داخلہ کی جانب سے یوم شہادت امام حسنؑ کے موقع پر کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے تاکہ جلوس کی لائیو مانیٹرنگ کے ذریعے سیکیورٹی اور امن و امان کی صورتحال پر مکمل نظر رکھی جا سکے۔ یہ کنٹرول روم عید میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں بھی فعال رہے گا، اور تمام جلوسوں، محافل اور سیکیورٹی انتظامات کی نگرانی اسی نظام کے تحت کی جائے گی۔