ویب ڈیسک: نواسہ رسول حضرت امام حسینؑ اور ان کے جاں نثار ساتھیوں کے چہلم کے موقع پر ملک بھر میں آج مجالس اور جلوس عزا منعقد کیے جائیں گے۔
لاہور میں چہلم:
چہلم حضرت امام حسینؑ و شہدائے کربلا کے حوالے سے لاہور میں مرکزی جلوس شبیہ تعزیہ حویلی الف شاہ، اندرون دہلی دروازہ سے صبح 9 بجے برآمد ہوگا۔ جلوس سے قبل حویلی الف شاہ میں مجلس عزا کا انعقاد کیا گیا، جس میں معروف عالم دین علامہ صبیح حیدر شیرازی نے امام حسینؑ اور شہدائے کربلا کے مصائب بیان کیے۔جلوس مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا رات گئے کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔ جلوس کے دوران عزاداروں کے لیے سبیلوں اور نیاز کا خصوصی انتظام کیا گیا ہے تاکہ انہیں سہولت فراہم کی جا سکے۔ انتظامیہ نے جلوس کے دوران سخت سکیورٹی کے انتظامات کیے ہیں اور پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے تاکہ جلوس پرامن ماحول میں مکمل ہو سکے۔
کراچی، اسلام آباد اور پشاور میں چہلم:
کراچی میں مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوگا جبکہ اسلام آباد اور پشاور میں بھی چہلم کے جلوس نکالے جائیں گے۔ عزاداروں نے شہدائے کربلا کی لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
کربلا، عراق میں چہلم:
پیغمبر اسلام کے نواسے امام حسینؑ کے چہلم کے موقع پر کربلا میں سوا دو کروڑ سے زائد عزادار شریک ہیں۔ حاضری دینے والے عزاداروں نے امام حسینؑ کے بھائی حضرت عباس اور دیگر شہداء کے روضوں پر بھی حاضری دی۔
ایران میں اربعین کے جلوس:
ایران میں بھی اربعین کے جلوس برآمد ہوئے، اور ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نجف سے کربلا روانہ ہو گئے تاکہ اربعین کے جلوس میں شرکت کریں۔