عید میلاد النبی:لائوڈ سپیکر کے غلط استعمال، وال چاکنگ پرپابندی

 نفرت انگیز تقاریر اور ہوائی فائرنگ پر بھی پابندی عائد کر دی گئی:محکمہ داخلہ نے نوٹیفیکشن جاری کردیا
لاہور (سپیشل رپورٹر )محکمہ داخلہ پنجاب نے عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر سیکیورٹی کیلئے ہدایات جاری کردیں۔اس ضمن میں جاری  نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ لائوڈ اسپیکر کے غلط استعمال، وال چاکنگ، نفرت انگیز تقاریر اور ہوائی فائرنگ پر مکمل پابندی ہوگی۔محکمہ داخلہ نے ہدایت کی ہے کہ عید میلاد النبی کے جلوس، محافل اور عوامی اجتماعات کی سیکیورٹی یقینی بنائی جائے، بڑے اجتماعات کے داخلی راستوں پر واک تھرو گیٹس اور میٹل ڈیٹیکٹر استعمال کیے جائیں، یقینی بنایا جائے کہ مقررین کسی بھی فرقے کیخلاف قابل اعتراض اور اشتعال انگیز تقریریں نہ کریں۔نوٹیفکیشن کے مطابق عید میلاد النبیؐ کے جلوس کے راستوں سے ملبہ اور تعمیراتی مواد ہٹانے اور چھتوں پر پولیس تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، حساس راستوں پر اضافی کیمرے نصب کیے جائیں گے اور انہیں سیف سٹی سے منسلک کیا جائے گا۔