نئے این ایف سی ایوارڈ کیلئے گیارہواں قومی مالیاتی کمیشن تشکیل، وزیر خزانہ چیئرمین مقرر

کمیشن 9 ممبران پر مشتمل ہے‘پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے وزرائے خزانہ کمیشن کے ارکان ہوں گے:وزارت خزانہ

اسلام آ باد(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی حکومت نے قومی محاصل کی صوبوں میں تقسیم کے نئے این ایف سی ایوارڈ کیلئے گیارہواں قومی مالیاتی کمیشن تشکیل دے دیا، وزیر خزانہ این ایف سی کے چیئرمین مقرر ہوگئے اور کمیشن 9 ممبران پر مشتمل ہے۔وزازت خزانہ کے جاری کردہ نوٹی فکیشن میں بتایا گیا ہے  آئین  کے آرٹیکل 160 کی شق (1) کے تحت صدرِ مملکت نے فوری طور پر گیارہویں نیشنل فنانس کمیشن (این ایف سی) کے قیام کی منظوری دے دی ہے۔اس حوالے سے 21 جولائی 2020ء￿  کے نوٹیفکیشن کو منسوخ کرتے ہوئے نیا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے جس میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ 21 جولائی 2020ء￿  کو تشکیل دیا گیا نیشنل فنانس کمیشن اب تحلیل تصور ہوگا۔نوٹیفکیشن کے مطابق وفاقی وزیرِ خزانہ این ایف سی کے چیئرمین ہوں گے جبکہ پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے وزرائے خزانہ کمیشن کے ارکان ہوں گے، اس کے علاوہ پنجاب سے ناصر محمود کھوسہ، سندھ سے ڈاکٹر اسد سعید، خیبرپختونخوا سے ڈاکٹر مشرف رسول سیان اور بلوچستان سے فرمان اللہ بطور رکن نامزد کیے گئے ہیں۔نوٹیفکیشن کے مطابق آرٹیکل 160 کی شق (2) کے تحت این ایف سی کے بنیادی مقاصد میں وفاق اور صوبوں کے درمیان ٹیکسوں کی خالص آمدن کی تقسیم، وفاق کی جانب سے صوبوں کو گرانٹس اِن ایڈ دینے کے معاملات، وفاق اور صوبوں کے قرض لینے کے اختیارات، صوبائی دائرہ کار میں آنے والے اخراجات کی شراکت، بین الصوبائی معاملات پر اخراجات کی تقسیم، قومی نوعیت کے منصوبوں پر مشترکہ مالی ذمہ داری اور صدرِ مملکت کی جانب سے بھیجے گئے دیگر مالیاتی امور پر سفارشات دینا شامل ہیں، خزانہ ڈویڑن وزارتِ خزانہ کمیشن کے لیے سیکریٹریٹ سپورٹ فراہم کرے گی۔