لاہور(آئی این پی)پنجاب فلم سنسر بورڈ میں اہم تبدیلی کرتے ہوئے معروف اداکار توقیر ناصر کو چیئرمین کے عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ اب اس عہدے کی ذمہ داریاں سیکرٹری اطلاعات و ثقافت سید طاہر رضا حمدانی سنبھالیں گے، جو بورڈ کے نئے چیئرمین مقرر کیے گئے ہیں۔اداکار، مصنف اور میزبان واسع چودھری کو بورڈ کا وائس چیئرمین بنایا گیا ہے۔ وہ اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف کے دورِ حکومت میں فلم سنسر بورڈ اور فلم کمیٹی کا حصہ رہ چکے ہیں۔نئی انتظامیہ کے تحت بورڈ کی از سر نو تشکیل کی گئی ہے جس میں اداکارہ ریشم سمیت شوبز انڈسٹری کی دیگر معروف شخصیات کو بھی شامل کیا گیا ہے۔یاد رہے کہ توقیر ناصر کو 2023 میں دو سال کے لیے پنجاب فلم سنسر بورڈ کا چیئرمین مقرر کیا گیا تھا، تاہم مدت پوری ہونے سے قبل ہی انہیں عہدے سے سبکدوش کر دیا گیا۔