کسانوں کو بلاسود 100 ارب قرضہ فراہمی کیلئے مالیاتی کمیٹی تشکیل

کمیٹی کسان کی گندم کے تحفظ اور بلاسود قرضہ فراہمی کیلئے اقدامات اٹھائے گی ، 
 لاہور (خصوصی رپورٹ)وزریر اعلیٰ نے کسانوں کو بلاسود 100 ارب قرضہ فراہمی کے لئے مالیاتی کمیٹی تشکیل دے دی۔ کمیٹی کسان کی گندم کے تحفظ اور بلاسود قرضہ فراہمی کے لئے اقدامات اٹھائے گی ، ذمہ داریاں سونپ دی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ نے کسانوں کی گندم کے تحفظ ،مالیاتی سہولت کے نفاذ کی نگرانی کیلئے 7رکنی سٹیئرنگ کمیٹی تشکیل دے دی، وزیر خزانہ کنو ینر ،ممبران میں وزیر زراعت، وزیراعلیٰ کے خصوصی معاون،سیکرٹری خزانہ ،سیکرٹری زراعت ، سیکرٹری پرائس کنٹرول اینڈ کموڈٹیز مینجمنٹ اور ڈائریکٹر جنرل خوراک/کین کمشنر شامل ہوں گے۔ پروگرام کیلئے نگرانی اور معاونت فراہم کرنا،فنڈز کی تقسیم اور مختص کرنے کے اصولوں کی منظوری دینا،،مارکیٹ کے ردعمل کا جائزہ لینا، فنڈز کی تقسیم کی نگرانی ، قرض سہولت کے تحت گندم کی خریداری کے اہداف کا جائزہ لینا، اجلاسوں کا انعقاد یقینی بنانا کمیٹی کی ذمہ داریوں میں شامل ہے، کمیٹی وزیراعلیٰ کو رپورٹ کرے گی۔ گندم کی قیمتوں کو بہتر بنانا، مارکیٹ کو مستحکم رکھنا اور کاشتکاروں کو ان کی پیداوار کی منصفانہ قیمت یقینی بنانا اس سہولت کے مقاصد میں شامل ہیں۔سہولت کے نفاذ کے لئے ڈائریکٹوریٹ جنرل فوڈ/کین کمشنر مرکزی قیادت فراہم کرے گی۔ فلور ملز اور لائسنس ہولڈرز کی جانب سے مالیاتی سہولت کے تحت گندم کی خریداری کی آخری تاریخ 15 جون تک ہوگی۔بینک آف پنجاب اس خصوصی مالیاتی سہولت کیلئے پروگرام منیجر کا کردار ادا کرے گا۔ سہولت صرف ان فلور ملز اور فوڈگرین لائسنس ہولڈرز کیلئے دستیاب ہوگی جو 2025 کے گندم سیزن کیلئے اپنی موجودہ کریڈٹ لائنز کے ساتھ مکمل طور پر استعمال کر چکے ہوں۔