دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رکھیں گے: وزیراعظم
پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنے بہادر جوانوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، ملکی بقاء کی خاطر افواج پاکستان کے جوانوں اور ان کے اہل خانہ کی لازوال قربانیاں ہیں، مجھ سمیت پوری قوم کو اپنے شہداء اور ان کے اہل خانہ پر فخر ہے
شہباز شریف کا دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے 7 بہادر جوانوں کو خراج عقیدت، شہداء کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت اور صبر جمیل کی دعا کی،شاہ مردان میں سکیورٹی فورسز پر حملے کی مذمت
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کے ملک سے مکمل خاتمے تک ان کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔وزیراعظم نے ضلع قلات کے علاقے شاہِ مردان میں دہشت گردوں کے سکیورٹی فورسز پر حملے کی شدید مذمت کی۔وزیرِ اعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم اپنے بہادر جوانوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، ملکی بقاء کی خاطر افواج پاکستان کے جوانوں اور ان کے اہل خانہ کی لازوال قربانیاں ہیں، مجھ سمیت پوری قوم کو اپنے شہداء اور ان کے اہل خانہ پر فخر ہے۔وزیرِ اعظم نے چھ دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے اور 4 کو زخمی کرکے گرفتار کرنے پر سکیورٹی فورسز کے افسران و جوانوں کی پذیرائی کی۔ انہوں نے دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے 7 بہادر جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔وزیرِاعظم نے شہداء کے اہلِ خانہ سے اظہار تعزیت اور صبر جمیل کی دعا کی۔
دوسراانٹرو لیڈ
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف نے گندم خریداری کا منصوبہ تیار کرنے کے لیے وزیر خزانہ کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دیدی, مذکورہ کمیٹی آئی ایم ایف کے نقطہ نظر کو پیش رکھتے ہوئے کام کرے گی. میڈیا رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے کہا گیا کہ کمیٹی کے دیگر اراکین میں وزیر برائے نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ ، وزیر تجارت اور وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور اور بین الصوبائی رابطہ رانا ثنا اللہ شامل ہیں۔کمیٹی گندم کی مارکیٹ کے موجودہ ریگولیٹری فریم ورک کا جائزہ لے گی تاکہ ملک میں گندم کی دستیابی اور قیمتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ربیع 2024-25 کے لیے گندم کی پالیسی کی سفارشات تیار اور حتمی شکل دی جا سکے.یہ پالیسی سٹیک ہولڈرز اور صوبوں کیساتھ مشاورت کے بعد تمام متعلقہ امور جس میں امدادی قیمت ، وفاقی حکومت اور صوبوں کی جانب سے گندم کی خریداری کی سفارشات ، گندم کی دستیابی اور قیمتوں کے استحکام کو یقینی بنائے گی۔