پاکستان اور بنگلہ دیش میں دفاعی اور سکیورٹی تعاون بڑھانے کا فیصلہ

پاکستان اور بنگلہ دیش کی اعلیٰ عسکری قیادت کی ملاقات‘خطے کی سکیورٹی صورتحال پر بات چیت کی گئی

 ؁ اسلام آباد(آن لائن)پاکستان اور بنگلہ دیش کی اعلیٰ عسکری قیادت کی ملاقات، دفاعی اور سیکیورٹی تعاون بڑھانے پر اتفاق، مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف، دہشت گردی کے خلاف پاک فوج کی قربانیوں کا بھی اعتراف۔آئی ایس پی آر کے مطابق بنگلہ دیشی فوج کے کوارٹر ماسٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل محمد فیض الرحمن نے جوائنٹ اسٹاف ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی کا دورہ کیا اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا سے ملاقات کی، ملاقات میں خطے کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی بات چیت ہوئی، دونوں رہنماؤں نے دفاع اور سیکیورٹی کے شعبے میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا، اس موقع پر جنرل ساحر شمشاد مرزا نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے مثبت انداز میں آگے بڑھتے تعلقات کو سراہا اور دفاعی تعاون کے فروغ کیلئے نئی راہیں اور مواقع تلاش کرنے کی ضرورت پر زور دیا، بنگلہ دیشی فوج کے کوارٹر ماسٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل محمد فیض الرحمن نے  پاک فوج کے پیشہ ورانہ معیار کو سراہتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف پاک فوج کی قربانیوں کا اعتراف کیا، یہ ملاقات دونوں ممالک کے درمیان باہمی اعتماد اور تعاون کو مزید مستحکم بنانے کی عکاسی کرتی ہے۔