اسلام آباد: سلطنتِ عمان کے سفیر فہد سلیمان خلف الخروصی نے وزیراعظم ہاؤس میں وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور عمان کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات، دوطرفہ تعاون کے فروغ اور خطے کی تازہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور عمان کے درمیان تاریخی، مذہبی اور ثقافتی بنیادوں پر قائم مضبوط برادرانہ تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مثبت سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور دفاع سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان اور عمان کے درمیان معاشی اور دیگر شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں، جنہیں عملی شکل دینے کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان معاشی روابط مضبوط بنانے اور ادارہ جاتی تعاون کو مزید فروغ دینے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
ملاقات میں علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے خطے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔عمان کے سفیر فہد سلیمان خلف الخروصی نے وزیراعظم کی جانب سے ملاقات کے لیے وقت دینے پر شکریہ ادا کیا اور عمانی قیادت کی جانب سے نیک تمناؤں کا پیغام پہنچایا۔عمانی سفیر نے پاکستان کے ساتھ قریبی، دوستانہ اور برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے عمان کے عزم کا اعادہ کیا۔