نوجوان فاسٹ بولر علی رضا کا ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں نیا ریکارڈ قائم

نوجوان فاسٹ بولر علی رضا کا ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں نیا ریکارڈ قائم

پشاور زلمی کے نوجوان فاسٹ بولر علی رضا نے پاکستان سپر لیگ کے رواں سیزن میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے سب کو حیران کر دیا ہے۔

پاکستان سپر لیگ کے ایک میچ میں قذافی اسٹیڈیم میں کراچی کنگز کے خلاف آخری اوور میں انہوں نے ہیٹ ٹرک کر کے تاریخ رقم کی۔ 18 سال اور 35 دن کی عمر میں وہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں یہ کارنامہ انجام دینے والے کم عمر ترین پاکستانی بولر بن گئے۔میچ کا آخری اوور انتہائی دباؤ کا حامل تھا، تاہم علی رضا نے غیر معمولی اعتماد کے ساتھ بولنگ کرتے ہوئے شاندار یارکرز کا استعمال کیا۔ان کی پہلی وکٹ خوشدل شاہ کی صورت میں گری، جو شاٹ کھیلنے کی کوشش میں ہٹ وکٹ ہوگئے۔ اگلی ہی گیند پر شاہد عزیز بولڈ ہوئے، جبکہ ہیٹ ٹرک مکمل کرنے کے لیے 149.1 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے کی گئی گیند پر حسن علی بھی کلین بولڈ ہو گئے۔

علی رضا نے میچ میں مجموعی طور پر 41 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں، جس میں ڈیوڈ وارنر کی اہم وکٹ بھی شامل تھی۔ان کی شاندار بولنگ کی بدولت کراچی کنگز کی ٹیم 182 رنز تک محدود رہی، جبکہ پشاور زلمی نے ہدف حاصل کر کے میچ 7 وکٹوں سے جیت لیا۔