پہلے دباؤ میں رہتا تھا، اب کرکٹ کو انجوائے کرتا ہوں، صاحبزادہ فرحان

پہلے دباؤ میں رہتا تھا، اب کرکٹ کو انجوائے کرتا ہوں، صاحبزادہ فرحان

پاکستان کے اوپنر صاحبزادہ فرحان نے کہا ہے کہ پہلے وہ کارکردگی کے دباؤ میں رہتے تھے، لیکن اب وہ کرکٹ کو انجوائے کرتے ہیں جس کی وجہ سے ان کے نتائج بہتر ہوئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق کرک انفو کو دیے گئے انٹرویو میں انہوں نے بتایا کہ موجودہ فارم اور اعتماد کی بڑی وجہ ذہنی طور پر پرسکون ہو کر کھیلنا ہے۔ ان کے مطابق جب کھلاڑی دباؤ سے نکل کر کھیل سے لطف اندوز ہوتا ہے تو کارکردگی خود بخود بہتر ہو جاتی ہے۔صاحبزادہ فرحان نے کہا کہ ان کے لیے اوپننگ کے دوران تجربہ کار کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنا اعزاز کی بات ہے اور وہ اس سے بہت کچھ سیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے خاص طور پر اسٹیو اسمتھ کے ساتھ کھیلنے کو اپنے کیریئر کا اہم تجربہ قرار دیا۔انہوں نے مزید کہا کہ افتخار احمد اور کوچ عبدالرحمان کے مشوروں نے ان کے اسٹرائیک ریٹ اور پاور ہٹنگ کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے، جس کے لیے وہ مسلسل سخت محنت اور پریکٹس کر رہے ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق 2025 کے آغاز سے وہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں شاندار فارم میں ہیں اور سب سے زیادہ رنز اور چھکے لگانے والوں میں شامل رہے ہیں۔ قومی ٹیم میں واپسی کے بعد انہوں نے 1219 رنز 35.85 کی اوسط اور 140 سے زائد اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ اسکور کیے، جبکہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں 383 رنز بنا کر نمایاں کارکردگی دکھائی۔ڈومیسٹک کرکٹ میں بھی ان کی فارم شاندار رہی، جہاں نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں 605 رنز بنا کر انہوں نے سب کو متاثر کیا اور قومی ٹیم میں اپنی جگہ مزید مضبوط کی۔