اگر پروٹوکولز بدلے ہیں تو مجھے آگاہ نہیں کیا گیا، سکندر رضا

اگر پروٹوکولز بدلے ہیں تو مجھے آگاہ نہیں کیا گیا، سکندر رضا

لاہور قلندرز کے آل راؤنڈر سکندر رضا کا کہنا ہے کہ اگر اس مرتبہ پروٹوکولز میں کوئی تبدیلی کی گئی ہے تو انہیں اس کا علم نہیں تھا، جبکہ اس معاملے میں کپتان شاہین شاہ آفریدی نے کوئی من مانی نہیں کی۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سکندر رضا نے کہا کہ آخری اوور میں کیا ہوا اس کے اصل حقائق امپائرز ہی بتا سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ صرف اپنی بات کر سکتے ہیں اور انہوں نے کوئی غلط کام نہیں کیا۔سکندر رضا نے کہا کہ وہ پیدائشی طور پر پاکستانی ہیں، اس لیے ان کی فیملی اور دوست ان سے ملنے آسکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ انہیں کہا گیا تھا کہ باہر نہ جائیں تو وہ باہر نہیں گئے۔ان کا کہنا تھا کہ اگر اس بار پروٹوکولز میں کوئی تبدیلی کی گئی ہے تو انہیں اس کے بارے میں آگاہ نہیں کیا گیا تھا۔ سکندر رضا نے واضح کیا کہ شاہین شاہ آفریدی کا اس معاملے میں کوئی قصور نہیں، کیونکہ انہوں نے خود شاہین سے کہا تھا کہ ان کی فیملی اسٹیڈیم آئی ہوئی ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اس پورے معاملے سے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔میچ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سکندر رضا نے کہا کہ لاہور قلندرز اپنی اننگز کا اختتام بہتر انداز میں نہیں کر سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ کرکٹ میں ایسا ہو جاتا ہے، اگر عبید شاہ آخری اوور کرواتے تو کہا جاتا کہ حارث رؤف کو کیوں نہیں کروایا گیا۔