پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 11 میں ایک نیا قانون متعارف کروا دیا گیا ہے جس کا مقصد میچ کی حکمتِ عملی کو مزید بہتر بنانا ہے۔
نئے ضابطے کے مطابق، ہر ٹیم کا کپتان میچ سے قبل دو مختلف پلیئنگ الیون میچ ریفری کو جمع کروائے گا، ہر فہرست میں 11 کھلاڑیوں کے ساتھ 4 متبادل کھلاڑی شامل ہوں گے۔اگر دونوں ٹیمیں دو، دو پلیئنگ الیون جمع کرواتی ہیں تو ٹاس کے بعد کپتان اپنی حکمتِ عملی کے مطابق کسی ایک حتمی ٹیم کا انتخاب کرے گا۔ منتخب شدہ پلیئنگ الیون پر کپتان کے دستخط لازمی ہوں گے، اور ایک بار حتمی پلیئنگ الیون جمع ہونے کے بعد کسی قسم کی تبدیلی کی اجازت نہیں ہوگی۔
دوسری جانب چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے کہا کہ پی ایس ایل کے میچز کے حوالے سے کئی دنوں سے مشاورت جاری تھی۔ انہوں نے وزیرِ اعظم اور سیکیورٹی اداروں سے مشاورت کے بعد فیصلہ کیا ہے کہ ابتدائی طور پر پی ایس ایل کے میچز بغیر شائقین ہوں گے، اور دنیا کی موجودہ صورت حال برقرار رہنے تک یہ پالیسی جاری رہے گی۔