ویب ڈیسک: بالی ووڈ فلم دبنگ (2010) کے ہدایتکار ابھینو کشیپ نے ایک بار پھر سپر اسٹار سلمان خان اور ان کے خاندان پر تنقید کی ہے۔
ایک خصوصی انٹرویو میں ابھینو نے سلمان خان کو "غنڈا" اور خان خاندان کو "انتقامی مزاج رکھنے والا" قرار دیتے ہوئے ان پر اپنے کیریئر کو نقصان پہنچانے کے الزامات لگائے۔ابھینو کا کہنا تھا کہ دبنگ کے بعد جب انہوں نے اس کے سیکوئل دبنگ 2 کی ہدایت کاری سے انکار کیا تو خان خاندان نے ان کے کیریئر میں رکاوٹیں ڈالنے کی کوشش کی۔ انہوں نے بتایا کہ سلمان خان اداکاری میں سنجیدہ نہیں ہیں اور گزشتہ 25 سال سے صرف شہرت اور طاقت کے لیے فلم انڈسٹری میں کام کر رہے ہیں۔ ان کے بقول، "سلمان کبھی بھی کام میں مکمل طور پر شامل نہیں ہوتے، وہ بدتمیز اور خود غرض ہیں۔"
ہدایتکار نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ان کے بھائی انوراگ کشیپ کو بھی 2003 کی فلم تیرے نام کے دوران مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، جہاں سلمان خان نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔ ان کے مطابق انوراگ نے فلم کی اسکرپٹ لکھی تھی لیکن پروڈیوسر بونی کپور کے رویے کی وجہ سے فلم چھوڑ دی، اور انہیں مناسب کریڈٹ بھی نہیں دیا گیا۔ابھینو نے کہا کہ فلم انڈسٹری میں طاقتور افراد کمزور فلم سازوں کو ڈرا دھمکا کر قابو میں کرنے کی کوشش کرتے ہیں، اور یہی تجربہ ان کے ساتھ بھی ہوا۔