ایران کا فیفا ورلڈکپ میں شرکت کے حوالے سے اہم اعلان

ایران کا فیفا ورلڈکپ میں شرکت کے حوالے سے اہم اعلان

ایران نے باضابطہ طور پر فیفا ورلڈ کپ 2026 میں شرکت کا اعلان کر دیا ہے، جس سے اس سے متعلق پائی جانے والی غیر یقینی صورتحال ختم ہو گئی ہے۔

یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی موجود ہے، تاہم ایرانی حکام نے واضح کیا ہے کہ کھیلوں کی سرگرمیوں کو سیاسی حالات سے الگ رکھا جائے گا۔ایرانی حکومت کے مطابق قومی فٹبال ٹیم ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ حکومتی ترجمان فاطمہ مہاجرانی نے سرکاری میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ وزارتِ کھیل و امور نوجوانان نے ٹیم کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کے اقدامات مکمل کر لیے ہیں تاکہ کھلاڑی عالمی سطح پر بہتر کارکردگی دکھا سکیں۔اس سے قبل بعض رپورٹس میں ایران کی شرکت سے متعلق غیر یقینی یا ممکنہ عدم شرکت کی باتیں سامنے آئی تھیں، تاہم تازہ وضاحت کے بعد یہ قیاس آرائیاں ختم ہو گئی ہیں۔

دوسری جانب خطے میں جاری کشیدگی اور حالیہ صورتحال کے باوجود ایران نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ کھیل سیاسی معاملات سے متاثر نہیں ہوں گے۔رپورٹس کے مطابق بعض غیر ملکی ذرائع نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ پاؤلو زمپولی نے فیفا کے صدر جانی انفانٹینو سے درخواست کی تھی کہ ایران کی جگہ اٹلی کو ورلڈ کپ میں شامل کیا جائے، تاہم اس حوالے سے کوئی باضابطہ تصدیق موجود نہیں۔پاکستان کی ثالثی سے ہونے والی جنگ بندی کے بعد خطے میں بہتری کے دعوؤں کا بھی ذکر کیا جا رہا ہے، جسے بعض رپورٹس ایران کی کھیلوں میں شرکت کے تسلسل سے جوڑ رہی ہیں۔