فیفا نے ورلڈ کپ 2026 کے لیے ڈسپلنری قوانین میں اہم تبدیلیوں کا اعلان کیا ہے، جس کا مقصد ٹورنامنٹ کے اہم مراحل میں زیادہ سے زیادہ اسٹار کھلاڑیوں کی دستیابی کو یقینی بنانا ہے۔
نئے ضوابط کے مطابق کھلاڑیوں کے یلو کارڈز کا ریکارڈ ٹورنامنٹ کے دوران دو مرتبہ صاف کیا جائے گا، جس سے معطلی (سسپنشن) کے خطرات میں نمایاں کمی آئے گی۔فیفا کے مطابق پہلے مرحلے میں گروپ اسٹیج کے اختتام پر تمام کھلاڑیوں کے سنگل یلو کارڈز ختم کر دیے جائیں گے، تاکہ وہ ناک آؤٹ راؤنڈز کا آغاز کسی اضافی دباؤ کے بغیر کر سکیں۔اس کے بعد ایک اور “ایمنسٹی” کوارٹر فائنلز کے بعد دی جائے گی، جس کے تحت سیمی فائنل تک پہنچنے والی ٹیموں کے کھلاڑی بھی یلو کارڈ کے باعث معطلی کے خطرے سے محفوظ ہو جائیں گے۔اس سے قبل بھی فیفا کی پالیسی کے تحت یلو کارڈز کو کوارٹر فائنل کے بعد ختم کیا جاتا تھا تاکہ کوئی کھلاڑی سیمی فائنل یا فائنل جیسے اہم میچ سے محروم نہ ہو۔ تاہم 48 ٹیموں پر مشتمل نئے فارمیٹ اور اضافی ناک آؤٹ میچز کے باعث اب اس نظام میں مزید نرمی کر دی گئی ہے۔
دوسری جانب فیفا نے مالی مراعات میں بھی اضافہ کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ ورلڈ کپ 2026 میں شریک 48 ٹیموں کے لیے مجموعی انعامی فنڈ میں 15 فیصد اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد یہ رقم بڑھ کر 871 ملین ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔واضح رہے کہ فیفا ورلڈ کپ 2026 تاریخ کا سب سے بڑا ٹورنامنٹ ہوگا، جو 11 جون سے 19 جولائی تک امریکا، کینیڈا اور میکسیکو میں مشترکہ طور پر کھیلا جائے گا۔