فیفا کے صدر گیانی انفینٹینو نے اعلان کیا ہے کہ ایران امریکا کے جاری کشیدگی کے باوجود آئندہ ورلڈ کپ میں شرکت کرے گا۔
انہوں نے ایک فورم سے خطاب میں واضح کیا کہ ایرانی ٹیم کی شرکت یقینی ہے اور وہ اپنے ملک کی نمائندگی کرے گی۔ انفینٹینو کا کہنا تھا کہ امید ہے کہ ورلڈ کپ تک حالات پرامن ہو جائیں گے، اور ایرانی کھلاڑی کھیلنے کے خواہشمند ہیں، اس لیے انہیں مقابلے میں شرکت کا موقع ملنا چاہیے۔انہوں نے حال ہی میں ترکی کے شہر انطالیہ میں ایرانی ٹیم سے ملاقات بھی کی، جہاں انہوں نے ٹیم کی کارکردگی کو سراہا اور اسے ایک مضبوط سائیڈ قرار دیا۔
انفینٹینو نے اس بات کا اعتراف بھی کیا کہ کھیل کو سیاست سے مکمل طور پر جدا رکھنا ہمیشہ ممکن نہیں، مگر فٹبال کا کردار ممالک کے درمیان پل بنانے میں اہم ہے۔دوسری جانب، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر ایران کو ورلڈ کپ میں شرکت سے گریز کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ واضح رہے کہ ورلڈ کپ کی میزبانی امریکا، کینیڈا اور میکسیکو مشترکہ طور پر کریں گے، جبکہ ایران کے میچز امریکا کے مختلف شہروں میں شیڈول ہیں۔