فیفا ورلڈکپ فاتح ٹیم کو پہلی بار خصوصی چیمپئن رنگز دینے کا اعلان

فیفا ورلڈکپ فاتح ٹیم کو پہلی بار خصوصی چیمپئن رنگز دینے کا اعلان

فیفا نے ورلڈکپ کی تاریخ میں ایک نئی روایت متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت اتوار کو ہونے والے فائنل میں کامیاب ہونے والی ٹیم کو پہلی مرتبہ خصوصی چیمپئن رنگز پیش کی جائیں گی۔

فیفا کے مطابق ارجنٹینا اور اسپین کے درمیان کھیلے جانے والے ورلڈکپ فائنل کی فاتح ٹیم کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کو خصوصی طور پر تیار کردہ رنگز دی جائیں گی۔ یہ روایت امریکا کے مشہور کھیلوں، خصوصاً این ایف ایل سپر باؤل میں کئی برسوں سے جاری ہے، جہاں چیمپئن ٹیم کو یادگاری رنگز دیے جاتے ہیں۔فیفا نے بتایا ہے کہ عالمی چیمپئن ٹیم کے لیے مجموعی طور پر 30 خصوصی رنگز تیار کی جائیں گی، جبکہ 1996 یادگاری رنگز شائقین کے لیے بھی دستیاب ہوں گی جنہیں وہ خرید سکیں گے۔ان رنگز کے ڈیزائن میں ورلڈکپ ٹرافی کی چھوٹی شکل شامل کی گئی ہے، جبکہ ان پر فاتح ٹیم سے متعلق خصوصی کندہ کاری بھی کی جائے گی تاکہ یہ تاریخی کامیابی کی یادگار بن سکیں۔دوسری جانب ورلڈکپ فائنل میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی شرکت بھی متوقع ہے، جو تقریب کے دوران فاتح ٹیم کو ٹرافی پیش کریں گے۔

 دلچسپ امر یہ ہے کہ ٹرمپ نے اس ٹورنامنٹ کے دوران اس سے قبل کسی میچ میں شرکت نہیں کی، یہاں تک کہ امریکا کے میچز بھی اسٹیڈیم میں جا کر نہیں دیکھے۔واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ اور فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو کے تعلقات ماضی میں بھی خبروں میں رہے ہیں۔ حالیہ عرصے میں ٹورنامنٹ کے بعض فیصلوں، خاص طور پر امریکی کھلاڑی فولارن بالوگن کے ریڈ کارڈ سے متعلق معاملات پر بھی شفافیت کے حوالے سے سوالات اٹھائے گئے تھے۔فیفا کا کہنا ہے کہ چیمپئن رنگز کا مقصد ورلڈکپ فاتحین کی کامیابی کو ایک منفرد اور یادگار انداز میں خراجِ تحسین پیش کرنا ہے۔