اشتہاریوں کیخلاف گھیرا تنگ کر دیا ہے:ایس پی عاطف

 حفاظتی اقدامات کو ہر صورت مدنظر رکھا جائے تاکہ کسی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے
لاہور(کرائم رپورٹر)ایس پی سٹی عاطف امیر نے سٹی ڈویڑن میں اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کے حوالے سے تعینات ٹیموں کے انچارجز کے ساتھ اہم اجلاس کیا، جس میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری کارروائیوں کا جائزہ لیا گیا اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی ہدایات جاری کی گئیں۔اجلاس کے دوران ایس پی سٹی نے اے اور بی کیٹگری کے مفرور اشتہاریوں کی گرفتاری کے لیے مقررہ اہداف ہر صورت یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پولیس ٹیمیں پیشہ وارانہ مہارت کے ساتھ کارروائیاں عمل میں لائیں۔ انہوں نے زور دیا کہ چھاپوں کے دوران تمام تر ایس او پیز اور حفاظتی اقدامات کو ہر صورت مدنظر رکھا جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔عاطف امیر کا کہنا تھا کہ اشتہاریوں کے خلاف کارروائیوں کی روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ کی جائے گی اور کارکردگی کا باقاعدہ جائزہ لیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جرائم میں کمی لانے کے لیے مفرور اور عادی ملزمان کے گرد گھیرا مزید تنگ کیا جا رہا ہے۔ایس پی سٹی نے واضح کیا کہ اعلیٰ افسران کی جانب سے جاری کردہ احکامات پر عملدرآمد کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور فرائض کی انجام دہی میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے ٹیموں کو ہدایت کی کہ جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے محنت، دیانتداری اور پیشہ وارانہ جذبے کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دیں تاکہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔