ڈیجیٹل دہشتگردوں کیساتھ سختی سے نمٹنے کا فیصلہ فتنہ الخوارج کے مکمل خاتمے کا وقت آچکا :شہبازشریف
ہمیں خارجی ہاتھوں کا بخوبی علم ہے‘ دشمن گھات لگائے بیٹھا ہے، پاکستان میں دہشتگردوں کے گھس بیٹھیے موجود ہیں، سازشیں بنی جارہی ہیں ‘ دفاعی اداروں سے مل کر دہشتگردوں کے خاتمے کا مربوط پلان بنانا ہوگا
فوج اور پولیس کے جوان پاکستان کیلئے خون کا نذرانہ پیش کررہے ہیں، یہ قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی ،پاکستان قائم ودائم رہے گا، مل کر چلیں گے تو اس فتنے کا خاتمہ کریں گے :وزیراعظم کا اجلاس میں اظہار خیال
اسلام آباد(ایجنسیاں‘مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم کی زیرصدارت نیشنل ایکشن پلان کی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں بیرون ملک سوشل میڈیا پروپیگنڈا عناصر کے خلاف گھیرا تنگ کرنے پر اتفاق کیا گیا۔نیشنل ایکشن پلان کی ایپکس کمیٹی کا اجلاس وزیراعظم شہباز شریف کی صدارت میں ہوا، جس میں وفاقی وزرا ، چاروں وزرائے اعلیٰ، چیف سیکرٹریز، وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر اور وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان شریک ہوئے۔ علاوہ ازیں اجلاس میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، انٹیلیجنس ایجنسیوں کے سربراہ، ڈی جی ایف آئی اے بھی شریک تھے۔ذرائع کے مطابق ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں وزیراعظم نے ملکی مسائل سے نمٹنے کے لیے سیاسی اتفاق رائے اور مثبت قومی بیانیے کے فروغ کی اہمیت پر زور دیا۔ اجلاس میں عزم استحکام مشن کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لیے ملک میں سیاسی استحکام کو اہم قرار دیا گیا۔اجلاس میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے عوام کی جان و مال کی حفاظت اور دہشتگردی سے نمٹنے کے پاک فوج کے عزم کا اعادہ کیا۔ دورانِ اجلاس نیکٹا کو دوبارہ فعال کرنے اور خطرات کی نشاندہی کے مراکز کے قیام پر مشاورت کی گئی جب کہ ملک اور خطے میں دہشتگردی، مذہبی انتہا پسندی، گمراہ کن معلومات کے پھیلاؤ اور دیگر مسائل سے نمٹنے کے متعلقہ اداروں کی حکمت عملی کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی۔ایپکس کمیٹی اجلاس میں شرکا نے ملک کی مجموعی سکیورٹی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی اور دہشت گردی کی لعنت کے خلاف متحد ہونے پر اتفاق کیا گیا۔ فورم نے ہر قسم کی انتہا پسندی کو سختی سے کچلنے پر بھی اتفاق کیا۔اجلاس میں غیر ملکیوں بالخصوص چینی باشندوں کے تحفظ کے لیے کیے جانے والے حفاظتی اقدامات کی رپورٹ پیش گئی اور غیر ملکیوں خصوصاً چینی باشندوں کی سکیورٹی کو مزید فول پروف بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ذرائع کے مطابق اجلاس کے شرکا نے ڈیجیٹل دہشت گردوں سے بھی سختی سے نمٹنے کی رائے دی۔ اجلاس میں ڈیجیٹل دہشت گردوں کے ساتھ بھی سختی سے نمٹنے کا فیصلہ کیا گیا اور بیرون ملک سے سوشل میڈیا پر پروپیگنڈا کرنے والے عناصر کے گرد گھیرا تنگ کرنے پر اتفاق کیا گیا۔دریںاثناء اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا دشمن گھات لگائے بیٹھا ہے، پاکستان میں دہشتگردوں کے گھس بیٹھیے موجود ہیں،ہمیں خارجی ہاتھوں کا بخوبی علم ہے، فتنہ الخوارج کے مکمل خاتمے کا وقت آچکا ہے۔پاکستان نے سلامتی کونسل میں غیر مستقل رکن کی حیثیت سے 2 سال کے لیے ذمے داری سنبھال لی ہے۔ ان شا اللہ اس دوران پاکستان اپنا بھرپور کردار ادا کرے گا اور عالمی سفارت کاری میں اپنی پوری استعداد کے ساتھ شریک ہوگا۔وزیراعظم نے کہا کہ سرحد پار سے پاکستان پر چند دن پہلے حملہ ہوا، دشمن کے حملے کا منہ توڑ جواب دیا گیا، دشمن گھات لگائے بیٹھا ہے، پاکستان میں دہشتگردوں کے گھس بیٹھیے موجود ہیں، پاکستان کے خلاف سازشیں بنی جارہی ہیں، ہمیں خارجی ہاتھوں کا اچھی طرح علم ہے۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہمیں پتا ہے کون کون سے ممالک دہشتگردوں کو یہاں سپورٹ کررہے ہیں، ہمیں خارجی ہاتھوں کا بخوبی علم ہے،فتنہ الخوارج کے مکمل خاتمے کا وقت آچکا ہے، شہبازشریف نے کہا کہ گزشتہ روز میں نے گزارش کی تھی کہ کس طرح سے دوبارہ یہ فتنہ سر اٹھا رہا ہے، آج اس پر بات ہیں ہوگی، تاہم صرف یہی گزارش کروں گا کہ صوبے وفاق اور دفاعی اداروں کے ساتھ مل کر مربوط پلان بنائیں، جس کا پاکستان کی بہتری اور خوش حالی سے تعلق ہو۔ بطور وزیراعظم میں اسے سراہوں گا کیوں کہ قومی مفاد ہماری اولین ترجیح ہے۔ ڈیجیٹل محاذ پر پاکستان کے خلاف زہر اگلا جارہا ہے، پاکستان کے دوست نما دشمن باہر بیٹھ کر سوشل میڈیا پرمہم چلارہے ہیں،پاکستان کے خلاف مہم بہت بڑا چیلنج بن چکا ہے، وہ جھوٹ کو سپورٹ کرتے ہوئے حقائق کو مسخ کررہے ہیں، ایسا ماحول بنایا جا رہا ہے کہ پاکستان کے خلاف جھوٹ کی بنیاد پر سوالیہ نشان اٹھائے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد پر چڑھائی ہوئی رینجرز جوان شہید ہوئے جھوٹی خبریں بنائی گئیں ،سوشل میڈیا پر جھوٹ کا طوفان اٹھایا گیا، حالیہ وقتوں میں سوشل میڈیا پر جھوٹ کی ایسی مثالیں نہیں ملتیں، اگر روکا نہ گیا تو تمام کاوشیں دریا برد ہوجائیں گی،وفاقی اور صوبائی سطح پر سوشل میڈیا پر جھوٹی مہم کا مقابلہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ آج ہم نے ان تمام معاملات پر سنجیدگی کے ساتھ گفتگو کرنی ہے، فوج اور پولیس کے جوان پاکستان کیلئے خون کا نذرانہ پیش کررہے ہیں، یہ قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، جو لوگ شہدا کی قربانیوں کو رائیگاں کرنا چاہتے ہیں وہ بہت بڑی بھول میں ہیں، پاکستان قائم ودائم رہے گا، مل کر چلیں گے تو اس فتنے کا خاتمہ کریں گے اور ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا۔