شاہدرہ ٹاؤن میں مسلح افراد کا شہری پر تشدد، ملزمان فرار

لاہور ( کرائم  رپورٹر)شاہدرہ ٹاؤن میں جرائم پیشہ عناصر نے ایک شہری کو  تشدد کا نشانہ بنا کر فائرنگ کر دی، جبکہ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آ گئی ہے۔پولیس کے مطابق موٹرسائیکل سوار ملزمان، جن کی شناخت محسن چٹا اور آیان کے نام سے ہوئی ہے، نے شہری محمد حسن پر مبینہ طور پر سگریٹ پھینکا۔ منع کرنے پر ملزمان نے اسلحہ نکال کر شہری پر تشدد شروع کر دیا اور پستول کے بٹ مار کر اسے زخمی کر دیا۔ایف آئی آر کے مطابق محمد حسن جان بچانے کے لیے بھاگا تو ملزمان نے اس پر پیچھے سے فائرنگ بھی کی۔ مدعی کا کہنا ہے کہ نامزد ملزمان کے خلاف پہلے بھی اقدام قتل سمیت متعدد مقدمات درج ہیں۔پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے تاہم تاحال ملزمان گرفتار نہیں ہو سکے، جبکہ ان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔