لاہور کے مختلف علاقوں میں آتشزدگی ، ریسکیو نے قابو پا لیا

 لاہور (کرائم رپورٹر) لاہور کے مختلف علاقوں میں آتشزدگی کے تین الگ الگ واقعات پیش آئے جن میں ریسکیوکی ٹیموں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پا لیا۔ریسکیو حکام کے مطابق پہلا واقعہ بتی چوک اولڈ راوی برج کے قریب ایک گھر کی جھگی میں پیش آیا، جہاں آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکار اور ایمرجنسی گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں۔ ریسکیو فائر فائٹرز نے کارروائی کرتے ہوئے آگ بجھا دی، جبکہ بعد ازاں ریسکیو 1122 نے فائر کنٹرول ہونے کی تصدیق کی۔دوسرا واقعہ چائنہ سکیم گجر پورہ رانا لیاقت چوک میں ایک موبائل شاپ میں پیش آیا، جہاں نامعلوم وجوہات کے باعث آگ بھڑک اٹھی۔ اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیمیں فوری موقع پر پہنچیں اور آگ بجھانے کا عمل شروع کیا، جس کے بعد صورتحال کو قابو میں کر لیا گیاتیسرا واقعہ ڈی بلاک سر سید روڈ نزد حجاز ہسپتال کے قریب ایک گھر میں پیش آیا، جہاں کمرے میں پڑے سامان میں آگ لگ گئی۔ ریسکیو 1122 کے مطابق فائر فائٹرز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ کو پھیلنے سے روک دیا۔ریسکیو 1122 لاہور کے مطابق تینوں واقعات میں فوری رسپانس کے باعث بڑے نقصان سے بچاؤ ممکن ہوا، جبکہ کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔