ہوٹل میں آتشزدگی ریسکیو ٹیموں نے قابو پالیا

لاہور (کرائم رپورٹر) حسین چوک میں واقع انڈیگو ہوٹل میں آگ لگنے کی اطلاع پر ریسکیو 1122 کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں۔ ریسکیو حکام کے مطابق آگ ہوٹل کی بالائی منزل پر لگی تھی۔ریسکیو 1122 کے فائر فائٹرز نے ایمرجنسی گاڑیوں کے ہمراہ بروقت رسپانس دیتے ہوئے آگ بجھانے کا عمل شروع کیا اور بھرپور کارروائی کے بعد آگ پر مکمل قابو پا لیا۔ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ فائر فائٹرز کی فوری اور مئوثر کارروائی کے باعث ہوٹل کو بڑے نقصان سے بچا لیا گیا۔ واقعے کے بعد امدادی ٹیمیں موقع پر موجود رہیں اور صورتحال کا جائزہ لیتی رہیں۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق آتشزدگی کے اس واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، جبکہ آگ لگنے کی وجوہات جاننے کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔