لاہور (کرائم رپورٹر) لبرٹی میں واقع بگ سٹی ٹاور میں لگنے والی آگ پر ریسکیونے کامیابی سے مکمل قابو پالیا جبکہ کولنگ کا عمل جاری ہے۔ ترجمان ریسکیو پنجاب فاروق احمد کے مطابق آگ بجھانے کے آپریشن میں 12 فائر و ریسکیو گاڑیوں اور 60 ریسکیورز نے حصہ لیا۔ 12ویں منزل پر آگ بجھانے کے لیے خصوصی اسنارکل کے ذریعے بھی کارروائی کی گئی، جبکہ ریسکیو اکیڈمی کی خصوصی ٹیم نے بھی آپریشن میں حصہ لیا۔ ریسکیو کنٹرول کو آگ لگنے کی اطلاع رات 9 بج کر 23 منٹ پر موصول ہوئی، جس کے فوری بعد امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں۔سیکرٹری محکمہ ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر موقع پر پہنچے اور فائر و ریسکیو آپریشن کی خود نگرانی کی۔ ڈائریکٹر فائر و ریسکیو اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر نے مختلف سیکٹرز سے آپریشن کی کمانڈ سنبھالی۔سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر نے ریسکیو فائر فائٹرز کی بروقت اور مؤثر کارروائی کو سراہتے ہوئے بہترین فائر و ریسکیو آپریشن پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ریسکیو حکام کے مطابق آگ پر مکمل قابو پا لیا گیا ہے اور عمارت میں کسی بھی ممکنہ خطرے کے پیش نظر کولنگ کا عمل جاری رکھا گیا ہے۔