مذاکرات میں تعطل ختم ، اعتماد سازی کیلئے امریکہ کو ہرمز کی ناکہ بندی ختم کرنی چاہیئے
لاہور(آئی این پی ) مسلم لیگ ن کے سینئر رہنماو سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے کہاہے کہ اگر ایران تباہ ہوا تو خطے کا ہر ملک بری طرح متاثر ہوگا، اس کا بوجھ امریکہ کو اٹھانا پڑے گا۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ مذاکرات میں تعطل کو ختم کرنے اور اعتماد سازی کے لئے امریکہ کو آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی ختم کرنی چاہیئے اور ایرانی بحری جہاز کو رہا کرنا چاہیے تاکہ پاکستان ایران کو ثالث کے طور پر مذاکرات کی میز پر لا سکے۔سابق وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ جارح امریکہ اور اسرائیل ہیں ایران نہیں، وہ ایران کو شکست دینے کی بجائے خود بیانیہ کی جنگ ہار چکے ہیں، ایران وینزویلا، لیبیا یا عراق نہیں ہے، امریکہ صیہونیوں کے کہنے پر چھیڑی گئی جنگ مذاکرات کی میز پر نہیں جیت سکتا صرف چہرہ بچا سکتا ہے، اگر ایران تباہ ہوا تو خطے کا ہر ملک بری طرح متاثر ہوگا اور اس کا بوجھ امریکہ کو اٹھانا پڑے گا۔