بھارتی لیڈر شپ ہو ش کے ناخن لے، عالمی امن کیلئے ایسے اقدامات خطرہ بن سکتے ہیں
سندھ طاس معاہدے میں واضح لکھا ہے کوئی ایک فریق یکطرفہ فیصلہ نہیں کرسکتا:رہنما ن لیگ
لاہور(خصوصی رپورٹر )مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے بھارت نے سندھ طاس معاہدے کو چھیڑ کر خطے میں کشیدگی کو ہوا دی، سندھ طاس معاہدے میں واضح لکھا ہے کوئی ایک فریق یکطرفہ فیصلہ نہیں کرسکتا،بھارتی لیڈر شپ ہو ش کے ناخن لے، عالمی امن کیلئے ایسے اقدامات خطرہ بن سکتے ہیں ۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ پاکستان کسی دہشتگردی کی کارروائی کی حمایت نہیں کرتا، پاکستان نے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے بہت قیمت ادا کی، بدقسمتی سے بھارتی گورنمنٹ دہشتگردی کے واقعات کا الزام ہمیشہ پاکستان پر لگاتی ہے۔خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پاکستان نے پہلگام واقعہ کی مذمت کی ہے، چند دن پہلے جعفرایکسپریس واقعہ ہوا تو ہندوستان نے مذمت میں ایک لفظ بھی نہیں بولا، الزام تراشی اور بہتان لگانا کسی گورنمنٹ کو زیب نہیں دیتا۔سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ بھارت پاکستان سے بڑا ملک ہے، خطے میں امن اس کے اپنے مفاد میں ہے