وزیر اعظم کی مداخلت سے آئی ایم ایف ریونیو ٹارگٹ میں کمی پر آمادہ ہوا،سعد رفیق

عوام کو اس عذاب سے ممکنہ حد تک بچانے کیلئے تمام حکومتی کوششیں تحسین کی مستحق ہیں:رہنما مسلم لیگ ن
لاہور(آئی این پی ) مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے پیچھے چھپی کہانی سامنے لاتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے پٹرول پر لیوی کم کر کے پٹرول کی نئی قیمت ایک ہی دن میں 458 روپے سے 378  فی لٹر کر دی ، وفاقی حکومت نے پہلے مرحلے پر امریکہ ایران جنگ کے نتیجے میں بڑھنے والی قیمتوں کو سالانہ ترقیاتی پروگرام پر کٹ لگا کر 129 روپے کا بوجھ برداشت کیا ۔ اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں انہوںنے لکھا کہ ہماری اطلاع کے مطابق اس دوران وزارت خزانہ نے آئی ایم ایف کو پٹرولیم لیوی میں ریلیف پر قائل کرنے کی کوششیں جاری رکھیں جو ابتدائی طور پر کامیاب نہ ہو سکیں، بلا آخر وزیر اعظم کی براہ راست مداخلت اور گہری دلچسپی کے باعث آئی ایم ایف ریونیو ٹارگٹ میں کمی پر آمادہ ہو گیا ہے ، اسی وجہ سے پٹرول پرائس پر فی لیٹر 80 روپے لیوی میں کمی ممکن ہوئی ہے،صوبائی حکومتیں بھی ٹرانسپورٹرز کو کرائے کم سے کم بڑھانے کیلئے ریلیف پیکیج دے رہی ہیں،عوام کو اس عذاب سے ممکنہ حد تک بچانے کیلئے تمام حکومتی کوششیں تحسین کی مستحق ہیں۔انہوں نے کہا کہ تمام صوبائی حکومتیں اشیائے خور و نوش ، ٹرانسپورٹ کرایوں اور روزمرہ اشیائے صرف کی قیمتیں تیل کی قیمت میں اضافے کی شرح سے زیادہ بڑھانے والے عناصر کو مانیٹر کریں اور ایسے عناصر نشان ِ عبرت بنایا جائے ۔انہوں نے مزید لکھا کہ ڈیزل کی موجودہ قیمت پر کاشتکاری تقریبا ناممکن ھو گیا ھے ، حکومت کو ڈیزل کی قیمت میں توازن رکھنے کیلئے کوئی جگاڑ لگانا پڑے گا۔