بانی پی ٹی آئی نے مائنز اینڈ منرلز پر کہا وزیر اعلیٰ مجھے بریف کرے، فیصل چودھری
شیخ وقاص کو شیر افضل مروت کے الزمات کا دو ٹوک جواب دینے کی ہدایت
راولپنڈی ( خصوصی رپورٹ ) اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان سے چار وکلا کی ملاقات ہو ئی ۔ فیملی سے ملاقات نہیں کرائی گئی بانی پی ٹی آئی نے پارٹی کے لئے اہم ہدایات جاری کر دیں۔منگل کو بانی پی ٹی آئی سے فیصل چودھری، عثمان گل، افضل بانٹھ اور فیصل ملک ایڈووکیٹ نے ملاقات کی ہے جبکہ بانی کی بہنوں نورین خان، عظمی خان اور کزن قاسم خان کو ملاقات کی اجازت نہ ملی۔ ملاقات کے لئے آنے والے سلمان اکرم راجہ کو داہگل ناکے پر روک لیا گیا بانی پی ٹی آئی کی بہنیں اور قاسم خان کو گورکھ پور ناکے پر روک لیا گیا تو انہوں نے وہاں سے کارکنوں کے ہمراہ پیدل مارچ شروع کر دیا اور انہیں فیکٹری ناکے پر پولیس نے دوبارہ روک لیا جہاں علیمہ خان فیملی اور کارکن ایک ڈھابہ ہوٹل پر بیٹھ گئے اور پولیس کی بھاری نفری نے انہیں حصار میں لے لیا۔اس دوران تحریک انصاف کے وکلا اور کارکنوں کی بڑی تعداد وہاں پہنچ گئی ۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نورین نیازی نے کہا کہ جیل انتظامیہ نے دو گھنٹے داخلی دروازے پر انتظار کروایا۔ ہم دو بہنیں علیمہ خان کے بغیر بھی اپنے بھائی سے ملاقات کیلئے رضامند ہوگئی تھیں۔دوسری جانب آج جیل انتظامیہ نے فیصل چودھری، عثمان گل، فیصل ملک کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرائی جو آدھا گھنٹہ تک جیل کانفرنس روم میں کرائی گئی۔ بعدازاں رات آٹھ بجے کے قریب پولیس کی بھاری نفری اے ایس پی زینب کی سربراہی میں پہنچ گئی اور کارکنوں کو وہاں سے منتشر کر دیا اور علیمہ خان و دیگر کو بھی وہاں سے جانے کا کہا۔علیمہ خان نے پولیس حصار میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ جائیں گے۔ان کو ساری صورتحال بتائیں گے۔ایڈووکیٹ فیصل چودھری کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہوئی، مائنز اینڈ منرلز پر انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا اور سینئر لیڈر شپ آکر مجھے بریف کرے۔ بل متنازعہ ہوچکا، ضروری ہے لوگوں کو اعتماد میں لیا جائے۔ اسٹیبلشمنٹ اور پی ٹی آئی کی ضرورت ملک اور عوام کو ہے۔ فوج ملک کو متحد نہیں کر سکتی لیکن سیاسی جماعتیں کر سکتی ہیں۔میں نے جیل کے اندر جانے سے قبل کہا تھا کہ میں باہر جاتا ہوں آپ نعیم پنجوتھا کو ملاقات کے لئے بلا لیں، بانی کی صحت اچھی ہے،انھیں آگاہ کیا گیا کہ ان کی بہنوں اور پارٹی رہنماوٓں اور وکلاء کو ملاقات نہیں کرنے دی جا رہی۔ لسٹ کے مطابق صرف 2 بندے جیل تک پہنچ سکے باقیوں کو روک لیا گیا۔ بانی نے کہا کہ 26ویں ترمیم کے بعد جو ہو رہا ہے اس پرلیگل کمیٹی اور پارٹی قیادت چیف جسٹس کو خط لکھے، عدالت میں ہمارے کیسزنہیں لگ رہے، بشریٰ بی بی کے ساتھ زیادتی ہو رہی ہے۔ عمران خان نے کہا پی ٹی آئی کو کرش کرنے کیلئے ملک کو بنانا ریپبلک بنا دیا گیا، عدلیہ ہو، ایف آئی اے ہو یا پولیس ہر ادارے کو انہوں نے تباہ کر دیا۔پی ٹی آئی سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ کا کہنا ہے کہ کسی سے بیک ڈور بات نہیں ہو رہی، انفرادی سطح پر کہیں کوئی بات ہے تو اس کا علم نہیں۔ امریکی وفد سے بانی پی ٹی آئی سے کوئی ملاقات نہیں ہوئی۔ شیر افضل مروت پر بات کرنا غیر اہم ہے۔ ہماری لسٹ کے مطابق فیصل ملک ایڈوکیٹ کی بانی سے ملاقات ہوئی ہے اور بانی پی ٹی آئی نے انھیں تفصیلی ہدایات دی ہیں،اسکے بارے میں بعد میں آگاہ کریں گے۔اڈیالہ جیل بانی پی ٹی آئی کی وکلاء سے ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے شیر افضل مروت کے بیانات پر سخت برہمی کا اظہار کیا بانی پی ٹی آئی نے شیخ وقاص اکرم کو شیر افضل مروت کے الزمات کا دو ٹوک جواب دینے کی ہدایت کردی، اور کہا شیر افضل مروت کو پی ٹی آئی میں پلانٹ کیا گیا تھا۔