ملتان سلطانز کے اونر علی ترین کا بڑا بیان: "پیسے بڑھا کر فرنچائز نہیں خریدوں گا"

ملتان سلطانز کے اونر علی ترین کا بڑا بیان:

ویب ڈیسک: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی سابق چیمپئن ٹیم ملتان سلطانز کے مالک علی ترین نے واضح کر دیا ہے کہ وہ فرنچائز کو دوبارہ پیسے بڑھا کر نہیں خریدیں گے بلکہ اگر خریدنے کا موقع آیا تو اوپن بولی میں حصہ لیں گے تاکہ نقصان نہ ہو۔

"مجھے نقصان کا اندازہ ہے، ٹیم کی اصل قیمت جانتا ہوں"
ایک حالیہ مقامی پوڈکاسٹ میں بات کرتے ہوئے علی ترین نے کہا:"مجھے معلوم ہے ٹیم کو کتنے میں خریدنا ہے، مجھ سے پہلے جو مالکان تھے وہ بھی بھاری نقصان کے باعث فرنچائز چھوڑ کر چلے گئے۔ اب مجھے بتائیں میں کتنا نقصان برداشت کروں؟"انہوں نے مزید کہا کہ ملتان سلطانز کی قدر و قیمت کراچی کنگز کے برابر ہے، اس لیے اسی رقم میں خریدوں گا، اس سے زیادہ نہیں۔

 "ملتان ہمارا ہوم گراؤنڈ ہے، یہاں کوئی ہمیں نہیں ہرا سکتا"
علی ترین نے ٹیم کے حوصلے کی تعریف کرتے ہوئے کہا:"جب ٹیم نے تین میچز ہارے تو میں نے کھلاڑیوں سے کہا پریشان نہ ہوں، ہم اپنے ہوم گراؤنڈ جا رہے ہیں، وہاں ہمیں کوئی نہیں ہرا سکتا۔"ان کا کہنا تھا کہ چیمپئن ٹیم وہی ہوتی ہے جو مشکل حالات میں بہتر پرفارم کرے، اور انہیں یقین ہے کہ ملتان سلطانز نہ صرف واپس آئے گی بلکہ ٹائٹل بھی جیتے گی۔

 "پی ایس ایل کی ہائپ نہیں بن سکی، پی سی بی کو کردار ادا کرنا ہوگا"
علی ترین نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) پر بھی سوالات اٹھاتے ہوئے کہا:"پی ایس ایل کی وہ ہائپ نہیں بن سکی جو بننی چاہیے تھی۔ میں نے اس کے لیے بہت کچھ کیا، لیکن پی سی بی کو بھی اپنا کام کرنا ہو گا۔"انہوں نے کہا کہ صرف ملتان شہر ہی نہیں بلکہ پورا جنوبی پنجاب ان کی ٹیم کو سپورٹ کرتا ہے، اور ٹیم نے کرکٹ کو گراس روٹ لیول پر بہتر بنانے کے لیے بڑی محنت کی ہے۔