ملتان سلطانز اور کراچی کنگز کے مالک آپس میں الجھ پڑے

ملتان سلطانز اور کراچی کنگز کے مالک آپس میں الجھ پڑے

ویب ڈیسک: ملتان سلطانز کے مالک علی ترین کی جانب سے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) پر تنقید کے بعد ایک اور فرنچائز مالک نے لب کشائی کر دی۔

 سابق چیمپئن ٹیم کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال نے ملتان سلطانز کے مالک علی ترین پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ لیگ کو بدنام کرنے سے گریز کیا جائے، کیونکہ ہم سب بطور فرنچائز مالکان اس کا حصہ ہیں۔سلمان اقبال نے مزید کہا کہ پی ایس ایل کے آغاز سے ہی ہم پر شک کیا گیا، اور بھارت سمیت کچھ دیگر ٹی وی چینلز سے تنقید کا سامنا بھی کیا، لیکن سب سے زیادہ دکھ تب ہوتا ہے جب ہمارا ہی ایک ساتھی، ٹیم کا مالک لیگ کا مذاق اُڑاتا اور توہین کرتا ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) ترقی کر رہی ہے اور یہ ہمارا فخر ہے۔ سلمان نصیر اور پی سی بی کی ٹیم اس لیگ کو بلندیوں پر لے جانے کے لیے اپنی تمام تر کوششیں کر رہی ہے۔

 اس لیے منفی باتوں اور تنقید کے بجائے ہمیں بطور ٹیم مالکان ان کی حمایت کرنی چاہیے۔یاد رہے کہ دو روز قبل ایک انٹرویو میں ملتان سلطانز کے مالک علی ترین نے بورڈ کے فرنچائز رینٹل ماڈل پر شدید تنقید کی تھی۔ علی ترین کا کہنا تھا کہ لیگ کی تمام فرنچائزز فی الحال ایک "رینٹل ماڈل" پر چل رہی ہیں، جس میں ٹیموں کے مالکان کو حقیقی ملکیت حاصل نہیں ہے۔ وہ سالانہ فرنچائز مالکان کو ٹیموں کو اپنے پاس رکھنے کے لیے کرایہ ادا کرتے ہیں، اور اگر یہ کرایہ نہ دیا جائے تو انہیں مالکانہ حقوق چھن جانے کا خطرہ ہوتا ہے۔