پی ایس ایل: ملتان سلطانز کا معاہدہ ختم، ترین گروپ نئی ٹیموں کی بولی میں شامل

پی ایس ایل: ملتان سلطانز کا معاہدہ ختم، ترین گروپ نئی ٹیموں کی بولی میں شامل

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی مہنگی ترین فرنچائز ملتان سلطانز کا معاہدہ ختم ہو چکا ہے اور 31 دسمبر کو رسمی مہر ثبت ہوگی۔

 دلچسپ بات یہ ہے کہ علی ترین گروپ نے پی ایس ایل کی نئی ٹیموں کی بڈنگ میں حصہ لینے کا فیصلہ کر لیا ہے اور دستاویزات بھی جمع کرا دی ہیں۔ اگر تکنیکی طور پر کوالیفائی ہوئے تو 8 جنوری کو کھلی بولی میں دیگر بڈرز کے ساتھ شریک ہو سکیں گے۔ذرائع کے مطابق علی ترین نے گزشتہ عرصے میں لیگ کے معاملات اور ایک آفیشل پر مسلسل تنقید کی، جس میں وہ پوڈکاسٹس اور سوشل میڈیا کے ذریعے پی ایس ایل کے اسٹرکچر پر سوال اٹھاتے رہے۔ جب بورڈ نے ملتان سلطانز کو نوٹس جاری کیا تو علی ترین نے اسے ویڈیو میں پھاڑ کر طنزیہ انداز میں پیش کیا۔ اسی وجہ سے ملتان سلطانز کے علاوہ دیگر پانچ فرنچائزز نے نئی فیس کے ساتھ معاہدے کی تجدید کر لی، جبکہ سلطانز کے معاملات طے نہ ہو سکے۔

علی ترین نے سوشل میڈیا پر کہا کہ:
"گھٹنے ٹیک کر ٹیم چلانے سے بہتر سمجھتا ہوں کہ اسے کھو دوں، مگر سر اٹھا کر کھڑا رہوں تو یہ الوداع ہے۔"اس سلسلے میں انھوں نے حکام کو ای میل بھی بھیجی تھی۔ بورڈ نے غیر مشروط معافی مانگنے اور سوشل میڈیا پوسٹس ڈیلیٹ کرنے کا کہا تھا، جسے انھوں نے تسلیم نہیں کیا۔ذرائع کے مطابق ترین گروپ نے اب پی ایس ایل کی نئی ٹیم خریدنے میں دلچسپی ظاہر کر دی ہے۔ بڈز دستاویزات جمع کرانے والی 12 کمپنیز میں سے ایک ان کی ہی ہے۔ تمام شرائط پوری کرنے والے ٹیکنیکلی کوالیفائیڈ بڈرز کو 8 جنوری کو اسلام آباد کنونشن سینٹر میں کھلی بولی کے ذریعے 2 نئی ٹیمیں خریدنے کا موقع ملے گا۔

قوانین کے مطابق موجودہ فرنچائز مالکان نئی ٹیم کی بڈنگ میں حصہ نہیں لے سکتے، مگر 31 دسمبر کے بعد علی ترین گروپ رسمی طور پر اونرز کی فہرست سے باہر ہو جائے گا۔ ملتان سلطانز ایک ارب 8 کروڑ روپے سالانہ فیس کے ساتھ پی ایس ایل کی مہنگی ترین فرنچائز ہے۔ غیر ملکی کمپنی سے ویلیوایشن کے بعد اس کی فیس ایک ارب 35 کروڑ روپے تک جا سکتی ہے، جبکہ نئی ٹیم سوا سے ڈیڑھ ارب روپے میں فروخت ہونے کا امکان ہے۔