پاکستان روانڈا کے ساتھ تعلقات کو فروغ دے گا:کویت اور روانڈا کے سفیروں سے ملاقات میں گفتگو
اسلام آباد(آن لائن)پاکستان اور کویت نے مابین باہمی تعاون کے شعبوں پر مزید بات چیت کرنے پر اتفاق کیا ہے اوردیرینہ شراکت داری کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔وزیر دفاع خواجہ محمد آصف سے کویت کے سفیر ناصر عبدالرحمن جاسر المطیری نے منگل کو اسلام آباد میں ملاقات کی۔ خواجہ محمد آصف نے اس بات کا اظہار کیا کہ پاکستان اور کویت نے باہمی طور پر فائدہ مند شراکت داری قائم کی ہے اور تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے قابل ذکر امکانات موجود ہیں۔دریں اثناء پاکستان اور روانڈا نے تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم اور دفاع جیسے کئی شعبوں میں مل کر کام کرنے پر اتفاق کیاہے‘وزیر دفاع خواجہ محمد آصف سے روانڈا کے سفیراولیویر جے پی ندوہنگیری نے ملاقات کی۔ وزیر دفاع نے معزز مہمان کا استقبال کیا اور کہا کہ پاکستان روانڈا کے ساتھ دوستانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ پاکستان علاقائی اور بین الاقوامی تنظیموں کے فریم ورک کے اندر روانڈا کے ساتھ تعاون کو مزید فروغ دیتا رہے گا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اور روانڈا نے عالمی امن کے لیے یکساں عزم کا اظہار کیا ہے کہ دونوں ممالک اقوام متحدہ کے امن مشن میں سب سے زیادہ فوجی تعاون کرنے والے ممالک میں شامل ہیں