پاکستان‘یو اے ای میں کئی معاہدے
وزیراعظم ہاؤس میں ابوظہبی کے ولی عہد اور ایگزیکٹو کونسل کے چیئرمین شیخ خالد بن محمد بن زید النہیان کوگارڈ آف آنر پیش کیا گیا‘ وزیر اعظم شہباز شریف نے معزز مہمان کو بارش سے بھیگنے سے بچانے کیلئے خود چھتری تھامے رکھی
دونوں ممالک کے درمیان بینکنگ، کان کنی، ریلویز اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں تعاون بڑھانے سے متعلق ایم او یوز اور معاہدوں پر دستخط کئے گئے ‘ وزیراعظم ہائوس میں ہونے والی تقریب میں وزیراعظم اور آرمی چیف بھی شریک ہوئے
یو اے ای کے ولی عہد کی ایوان صدر آمد ، صدر آصف علی زرداری نے پر جوش استقبال کیا ‘ولی عہد کو پاکستان کے لئے بہترین خدمات کے اعتراف میں نشان پاکستان سے نوازا ‘ولی عہد کیساتھ وزراء اور کاروباری شخصیات بھی آئیں
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک‘ایجنسیاں)پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان بینکنگ، کان کنی، ریلویز اور انفرااسٹرکچر کے شعبوں میں تعاون بڑھانے سے متعلق ایم او یوز اور معاہدوں پر دستخط ہوگئے۔وزیراعظم سے ابوظہبی کے ولی عہد اور ابوظہبی ایگزیکٹو کونسل کے چیئرمین شیخ خالد بن محمد بن زید النہیان نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔ابوظبی کے ولی عہد اسلام آباد میں وزیرِ اعظم ہاوس پہنچے تو انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔اس موقع پر دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے۔اس دوران مسلسل بارش ہوتی رہی اور وزیرِ اعظم شہباز شریف نے معزز مہمان ابوظبی کے ولی عہد شہزادہ شیخ خالد بن محمد بن زید النہیان کو بھیگنے سے بچانے کے لیے خود چھتری تھامے رکھی‘وزیراعظم نے ولی عہد کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا، دو طرفہ ملاقات کے بعد وفود کی سطح پر بھی بات چیت ہوئی۔اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا یہ امر باعث اطمینان ہے دونوں ممالک اپنے بہترین سیاسی تعلقات کو باہمی طور پر فائدہ مند اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنے کے لیے مل کر کام کر رہے ہیں۔وزیراعظم نے بتایا میرے حالیہ دورہ ازبکستان کے دوران ازبکستان- افغانستان- پاکستان ریلوے لائن منصوبے پر بات چیت ہوئی، ازبکستان نے بھی اس منصوبے میں بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا ہے، اس منصوبے کی بدولت گوادر اور ابوظہبی پورٹس کو فائدہ ہوگا اور یہ منصوبہ اس خطے کے لئے گیم چینجر ثابت ہوگا۔وزیراعظم نے ہر مشکل وقت میں ساتھ دینے پر متحدہ عرب امارات کا شکریہ ادا کیا، انہوں نے مختلف شعبوں میں پاکستان کے لیے متحدہ عرب امارات کی مسلسل اور مضبوط حمایت کو سراہا، پاکستان میں اپنے سرمایہ کاری کے پورٹ فولیو کو وسعت دینے کے حوالے سے متحدہ عرب امارات کی گہری دلچسپی کی تعریف کی۔ولی عہد شیخ خالد بن محمد بن زاید نے وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان کی اقتصادی ترقی اور خوشحالی کے لیے متحدہ عرب امارات کی مسلسل حمایت کا اعادہ کیا۔دونوں رہنماؤں نے متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے درمیان متعدد مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں کے تبادلوں کا مشاہدہ بھی کیا، دونوں ممالک کے درمیان بینکنگ، کان کنی، ریلویز اور انفرااسٹرکچر کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے حوالے سے مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط ہوئے ہیں۔ دریں اثناء یو اے ای کے ولی عہد شیخ خالد بن محمد بن زائد النہیان کی ایوان صدر آمد ، صدر مملکت آصف علی زرداری نے مرکزی دروازے پر پر جوش استقبال کیا ۔ اس موقع پر بلاول بھٹو اور خاتون اول آصفہ بھٹو بھی موجود تھیں ۔ ولی عہد کو گلدستہ پیش کیا گیا ۔ نائب وزیر اعظم ا سحاق ڈار بھی موجود تھے ۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے ابوظہبی کے ولی عہد شیخ خالد بن محمد بن زائد النہیان کو نشان پاکستان سے نوازا ‘ انھیں یہ اعزاز پاکستان کے لئے بہترین خدمات کے اعتراف میں دیا گیا ۔