جاپان نے بھارت کو مشکل میں ڈال دیا، سنسنی خیز ٹی ٹوئنٹی میں بھارت 2 رنز سے کامیاب

جاپان نے بھارت کو مشکل میں ڈال دیا، سنسنی خیز ٹی ٹوئنٹی میں بھارت 2 رنز سے کامیاب

سانو (جاپان): بارش سے متاثرہ پانچ اوورز فی اننگز تک محدود واحد ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھارت جاپان کے خلاف اپ سیٹ شکست سے بال بال بچ گیا اور سنسنی خیز مقابلے میں میزبان ٹیم کو صرف 2 رنز سے شکست دے دی۔

 بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 5 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 32 رنز بنائے، جواب میں جاپان 3 وکٹوں پر 30 رنز بنا سکا۔بارش اور گیلی آؤٹ فیلڈ کے باعث میچ تاخیر سے شروع ہوا اور مقابلے کو پانچ، پانچ اوورز فی اننگز تک محدود کردیا گیا۔ بھارت کے کپتان شریاس ایئر نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، تاہم جاپانی بولرز نے مختصر فارمیٹ میں بھارتی بیٹنگ کو ابتدا ہی سے دباؤ میں رکھا۔بھارت کو پہلے ہی اوور میں بڑا نقصان اٹھانا پڑا جب ابھیشیک شرما بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے۔ اس کے بعد سنجو سیمسن بھی 9 رنز بنا کر پویلین واپس لوٹ گئے۔ بھارتی بیٹرز گیند کی رفتار اور پچ کی صورتحال کے مطابق کھل کر بیٹنگ نہ کرسکے اور مقررہ 5 اوورز میں صرف 32 رنز بنا سکے۔کپتان شریاس ایئر نے 12 گیندوں پر 16 رنز بنا کر بھارت کی جانب سے سب سے زیادہ اسکور کیا، جبکہ سنجو سیمسن نے 9 اور ایشان کشن نے 3 رنز بنائے۔ بھارت کی مختصر اننگز کے دوران صرف ایک چوکا لگا، جبکہ جاپانی باؤلنگ اٹیک نے بھارتی بلے بازوں کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہیں دیا۔

جاپان کی جانب سے چارلی ہارا ہنزے سب سے کامیاب بولر رہے، جنہوں نے دو اوورز میں 17 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔ ابراہیم تاکاہاشی اور بینجمن ایتو ڈیوس نے بھی ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔جواب میں جاپان کو 33 رنز کا ہدف ملا تو اس نے بھی محتاط انداز میں اننگز کا آغاز کیا۔ کپتان کینڈل کادوواکی فلیمنگ نے 12 رنز بنا کر ٹیم کو سنبھالنے کی کوشش کی، جبکہ بینجمن ایتو ڈیوس نے 9 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔جاپان نے آخری اوور سے قبل 25 رنز بنا لیے تھے اور اسے کامیابی کے لیے 8 رنز درکار تھے، تاہم بھارتی بولرز نے آخری اوور میں جاپانی بیٹرز کو مطلوبہ رنز بنانے سے روک دیا۔ جاپانی ٹیم مقررہ 5 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 30 رنز تک پہنچ سکی اور یوں بھارت نے میچ صرف 2 رنز سے اپنے نام کرلیا۔بھارت کی جانب سے واشنگٹن سندر نے 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ آخری اوور میں اکشر پٹیل نے بھی عمدہ باؤلنگ کرتے ہوئے جاپان کو مطلوبہ رنز بنانے سے روکنے میں اہم کردار ادا کیا۔

یہ بھارت اور جاپان کی مردوں کی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں پہلی باقاعدہ باہمی ملاقات تھی۔ میچ کو ایشین گیمز 2026 کی تیاریوں کے سلسلے میں بھی اہم قرار دیا گیا تھا۔ بھارت کی اس دو رنز کی کامیابی کے ساتھ اس نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں 200 فتوحات بھی مکمل کرلیں۔