بھارت نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد انگلینڈ کو 6 رنز سے شکست دے کر سیریز برابر کردی

بھارت نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد انگلینڈ کو 6 رنز سے شکست دے کر سیریز برابر کردی

اوول: بھارت نے پانچویں اور آخری ٹیسٹ میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انگلینڈ کو 6 رنز سے شکست دی اور پانچ میچوں کی ٹیسٹ سیریز 2-2 سے برابر کردی۔

آخری روز انگلینڈ کو جیت کے لیے 35 رنز جبکہ بھارت کو صرف 4 وکٹوں کی ضرورت تھی۔ محمد سراج نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے تین وکٹیں حاصل کیں اور انگلینڈ کی امیدوں پر پانی پھیر دیا، جبکہ پراسدھ کرشنا نے ایک وکٹ لی۔

میچ کا احوال:
اوول ٹیسٹ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ بھارت پہلی اننگز میں 224 رنز پر آؤٹ ہوا، جبکہ انگلینڈ نے جواب میں 247 رنز بنا کر 23 رنز کی برتری حاصل کی۔بھارت نے دوسری اننگز میں شاندار کم بیک کیا اور 396 رنز اسکور کیے۔ یشسوی جیسوال نے 118 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔انگلینڈ کو جیت کے لیے 374 رنز کا ہدف ملا، جس کے تعاقب میں جو روٹ نے 105 اور ہیری بروک نے 111 رنز بنائے۔ تاہم پوری ٹیم 367 رنز پر آؤٹ ہوگئی اور جیت سے محض 6 رنز دور رہ گئی۔

بھارت کی بولنگ:
محمد سراج نے میچ میں شاندار بولنگ کرتے ہوئے 5 وکٹیں حاصل کیں، پراسدھ کرشنا نے 4 اور اکاش دیپ نے ایک وکٹ حاصل کی۔اس کامیابی کے ساتھ بھارت نے سیریز میں شاندار کم بیک کرتے ہوئے 2-2 سے برابری حاصل کر لی۔