2سال کی بیٹی سے جدائی‘ یہ میری زندگی کا مشکل ترین گڈ بائے ہے: بیڈ منٹن پلیئر ماحور شہزاد

پاکستان کی نمائندگی کیلئے کھلاڑیوں کو سمجھوتے اور قربانیاں دینا پڑتی ہیں،کسی بھی کھلاڑی ماں کیلئے بچے کو چھوڑنا اور کھیل پر فوکس رکھنا آسان نہیں
اسلام آباد (سپورٹس ڈیسک)اولمپئن بیڈمنٹن پلیئر ماحور شہزاد ایشین گیمز میں پاکستان کی نمائندگی کے لیے جاپان روانہ ہو گئیں۔ماحور شہزاد نے پہلی مرتبہ 2سال 3ماہ کی بیٹی کو چھوڑ کر قومی سطح کی ذمے داری نبھانے کے لیے جانے کو اپنی زندگی کا مشکل ترین تجربہ قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پاکستان کی نمائندگی کے لیے کھلاڑیوں کو سمجھوتے اور قربانیاں دینا پڑتی ہیں۔ ایشین گیمز کے لیے جاپان روانگی کے موقع پر اولمپئن بیڈ منٹن پلیئر ماحور شہزاد نے سوشل میڈیا پیغام میں کہا ہے کہ 2 سال 3 ماہ کی بیٹی سے پہلی مرتبہ جدا ہو رہی ہوں، یہ میری زندگی کا مشکل ترین گڈ بائے ہے، پاکستان کی نمائندگی کے لیے سمجھوتہ کرنا اور قربانی دینا پڑتی ہے۔ ماحور شہزاد نے کہا ہے کہ کسی بھی کھلاڑی ماں کے لیے بچے کو چھوڑنا اور کھیل پر فوکس رکھنا آسان نہیں، میرے لیے یہ پہلا تجربہ ہے، میری والدہ حور العین میری بیٹی کا خیال رکھیں گی۔اولمپئن ماحور شہزاد کا کہنا ہے کہ پاکستان کی نمائندگی میرے لیے باعثِ فخر ہے، اور اس اعزاز کے لیے کچھ بھی قربان کیا جا سکتا ہے۔واضح رہے کہ ایشین گیمز کے بیڈمنٹن ایونٹ میں ماحور شہزاد اور محمد علی لاروش پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں۔