زبردستی کے لطیفے یا مسخرہ پن پر یقین نہیں رکھتا، صرف حالات سے پیدا ہونے والے مزاح پر دھیان دیتے :بھارتی فلمساز
ممبئی (شوبز ڈیسک) بھارتی فلم ساز اور ہدایت کار پریا درشن نے انکشاف کیا ہے کہ کامیڈی فلموں کی وجہ سے انہیں ایک ایسی پہچان مل گئی جس سے نکلنا ان کے لیے آسان نہیں رہا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ کئی کامیاب کامیڈی فلمیں بنانے والے پریا درشن کا کہنا ہے کہ انہیں کامیڈی فلموں کی ہدایت کاری کرنا بالکل پسند نہیں۔پریا درشن نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ میں نے اپنے فلمی سفر کی شروعات سنجیدہ فلمیں بنا کر کی تھی، لیکن ہیرا پھیری فلم نے میری زندگی مشکل بنا دی۔ اس کے بعد صرف کامیڈی، کامیڈی اور کامیڈی ہی رہ گئی۔ سچ کہوں تو مجھے کامیڈی فلمیں ڈائریکٹ کرنا بالکل اچھا نہیں لگتا۔پریادرشن نے یہ بھی بتایا کہ وہ زبردستی کے لطیفے یا مسخرہ پن پر یقین نہیں رکھتے۔ وہ صرف حالات سے پیدا ہونے والے مزاح پر دھیان دیتے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ ان کی فلموں میں کردار بالکل سنجیدہ ہوتے ہیں لیکن ان کے ساتھ جو حالات پیش آتے ہیں، انہیں دیکھ کر لوگوں کو ہنسی آ جاتی ہے۔ وہ نہیں چاہتے کہ اداکار منہ بنا کر لوگوں کو ہنسائیں۔