وفاقی حکومت کا 100 نئے ویکسینیٹرز بھرتی کرنے کا فیصلہ، سنٹرز چوبیس گھنٹے فعال:وزارتِ صحت
اسلام آباد/کراچی ( آن لائن) بیرون ملک جانے والے پاکستانیوں کو ویکسینیشن کے حصول میں درپیش شدید مشکلات کا بالآخر نوٹس لے لیا گیا ہے۔ وزارتِ صحت کے ذرائع کے مطابق، وفاقی حکومت نے کراچی کے ویکسینیشن سنٹرز میں عملے کی کمی دور کرنے اور سروسز کو بہتر بنانے کے لیے ڈیلی ویجز پر 100 مرد و خواتین ویکسینیٹرز بھرتی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی کے ویکسینیشن سنٹرز کو چوبیس گھنٹے (24/7) فعال رکھا جا رہا ہے تاکہ بیرون ملک سفر کرنے والے شہریوں کو کسی قسم کی تاخیر یا پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اس مقصد کے لیے بارڈر ہیلتھ سروسز کراچی کے زیرِ انتظام چلنے والے سنٹرز کے لیے یہ بھرتیاں رواں ماہ ہی مکمل کی جائیں گی۔وزارتِ صحت کے ذرائع کے مطابق کراچی کے ان ویکسینیشن سنٹرز کے لیے ویکسینیٹرز کے واک ان انٹرویوز 28 ستمبر کو ہوں گے۔ اس عمل کے تحت
بھرتی کیے جانے والے تمام 100 مرد و خواتین ویکسینیٹرز کو تنخواہیں براہِ راست وفاقی حکومت کی جانب سے ادا کی جائیں گی۔ حکام کا ماننا ہے کہ اس ہنگامی اقدام سے کراچی کے ویکسینیشن سنٹرز پر دباؤ کم ہوگا اور شہریوں کو سفری دستاویزات کے حصول میں بڑی آسانیاں میسر آئیں گی