پاکستان سے سعودیہ جانے والوں کیلئے پولیو ویکسی نیشن لازمی قرار

مسافروں کے پاس چھ ماہ سے زائد پرانا ویکسین سرٹیفکیٹ قابل قبول نہیں ہوگا: سعودی سول ایوی ایشن اتھارٹی
    اسلام آباد (یواین پی) پاکستان سے سعودی عرب جانے والے مسافروں کیلئے پولیو ویکسینیشن لازمی قرار دے دی گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی عرب کی سول ایوی ایشن ’گاکا‘ کی جانب سے مملکت کا سفر کرنے والے پاکستانیوں کا ویکسین سرٹیفکیٹ کے بغیر داخلہ بند کردیا ہے، اس ضمن میں گاگا نے کہا ہے کہ پاکستان سے سعودی عرب آنے والے تمام مسافروں کیلئے پولیو ویکسینیشن لازمی قرار دے دی گئی ہے، پاکستان کے علاوہ افغانستان، نائجیریا، صومالیہ و دیگرممالک کے مسافروں کیلئے بھی ویکسینیشن سرٹیفکیٹ لازمی ہوگا، تاہم ان ممالک کے ایسے مسافر جو 12 گھنٹوں میں ٹرانزٹ ایریا سے باہر نہ جائیں وہ اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔سعودی سول ایوی ایشن نے مزید کہا کہ مسافروں کے پاس کم ازکم چارہفتے قبل کا پولیوویکسین سرٹیفکیٹ ہونا ضروری ہے، چھ ماہ سے زائد پرانا ویکسین سرٹیفکیٹ قابل قبول نہیں ہوگا، اس پابندی کی خلاف ورزی پر قانونی کارروائی کرتے ہوئے سخت سزائیں دی جائیں گی