ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں بھارت کے ہاتھوں پاکستان کو ایک اور شکست کے بعد اداکارہ مریم نفیس کا ردعمل سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بن گیا۔
اداکارہ نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی کو مخاطب کرتے ہوئے انڈر 19 کھلاڑیوں کو موقع دینے کی اپیل کی۔ انہوں نے سابق ٹوئٹر (X) پر ہلکے پھلکے انداز میں لکھا:"محسن برو، انڈر 19 والے پلیئرز کھلوالو، پلیز۔"ان کا یہ پیغام مداحوں میں تیزی سے وائرل ہو گیا اور شائقین کرکٹ نے بھی مختلف ردعمل کا اظہار کیا۔واضح رہے کہ گزشتہ روز کھیلے گئے سپر فور مرحلے کے دوسرے میچ میں پاکستان نے بھارت کو 172 رنز کا ہدف دیا، جسے بھارتی ٹیم نے 19 ویں اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ اس سے قبل گروپ مرحلے میں بھی پاکستان کو بھارت کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
تازہ ناکامی کے بعد پاکستان کے فائنل تک پہنچنے کے امکانات کم ہو گئے ہیں۔ گرین شرٹس کو ایونٹ میں اپنی جگہ برقرار رکھنے کے لیے آئندہ دونوں میچز لازمی جیتنے ہوں گے، بصورت دیگر ٹیم ٹورنامنٹ سے باہر ہو جائے گی۔بھارت کے خلاف لگاتار شکستوں نے جہاں شائقین کو مایوس کیا، وہیں مریم نفیس کی مزاحیہ اپیل نے سوشل میڈیا پر ہلچل مچا دی اور یہ موضوع مداحوں کی گفتگو کا حصہ بن گیا۔