ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان کے خلاف 61 رنز سے کامیابی کے باوجود بھارتی ٹیم کے کھلاڑیوں کے درمیان تلخ کلامی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کی اننگز کے دوران ہارک پانڈیا کی گیند پر کلدیپ یاوید نے شاہین آفریدی کا کیچ ڈراپ کیا، جس پر پانڈیا نے برہمی کا اظہار کیا۔ اننگز کے اختتام پر دونوں کھلاڑیوں کے درمیان گرما گرمی بھی دیکھی گئی۔علاوہ ازیں بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو کو بھی کلدیپ سے گفتگو کرتے دیکھا گیا، جہاں ان کے تاثرات سے ناراضی ظاہر ہو رہی تھی۔سوشل میڈیا صارفین نے اس واقعے پر دلچسپ تبصرے کیے اور ویڈیو کلپ تیزی سے وائرل ہو گیا۔دوسری جانب پاکستان ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں اپنا آخری گروپ میچ 18 فروری کو نمیبیا کے خلاف کھیلے گی۔ یہ میچ پاکستان کے لیے سپر ایٹ مرحلے تک رسائی کے لیے نہایت اہم ہے، اور اطلاعات کے مطابق اگر میچ بارش کی نذر بھی ہو جائے تو پاکستان سپر ایٹ مرحلے میں جگہ بنا لے گا۔