وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ٹیکنیکل ایجوکیشن کے شعبے میں نوجوانوں کے لیے نئے مواقع فراہم کرنے کے لیے ایک اہم قدم اٹھایا ہے۔
ان کی ہدایت پر ٹیکنیکل اور ووکیشنل اداروں کے لیے آن لائن پورٹل رجسٹریشن کا آغاز یکم مارچ سے ہو رہا ہے۔ اس کے ذریعے درخواست کی وصولی سے لے کر سرٹیفکیٹ کے اجرا تک کا تمام عمل مکمل طور پر آن لائن ہو گا۔وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ اس اقدام سے طلبہ اور والدین کو دفاتر کے چکر لگانے کی پریشانی سے نجات ملے گی۔ تین سالہ ڈی اے ای کورسز کے لیے رجسٹریشن رعایتی فیس پر کی جائے گی اور آن لائن پورٹل کے ذریعے درخواست جمع کرائی جا سکے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ، ادارے کے نام پر بیک اکاؤنٹ کھلوانے کی شرط میں نرمی کی گئی ہے، جو اکاؤنٹ کے سرٹیفکیٹ کے اجرا سے مشروط ہوگی۔
اس نئی پالیسی کے تحت، پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ اتھارٹی (PSDA) کے تمام اداروں کو رجسٹر کرنا لازمی ہو گا۔ غیر قانونی اداروں کی فہرست بھی PSDA کی ویب سائٹ پر شائع کی گئی ہے، اور ان اداروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، جس میں چھ ماہ کی قید اور 10 لاکھ روپے تک کا جرمانہ شامل ہوگا۔وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ ان کا مقصد نوجوانوں کو ہنر مند بنانا اور انہیں خود روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ ان کے مطابق، نوجوان ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں اور انہیں روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔