اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ نیشنل ٹیکنالوجی پارک پاکستان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے فروغ، نوجوانوں کو جدید مہارتیں فراہم کرنے اور ملک کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل کرنے کے لیے اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔
اسلام آباد میں نیشنل ٹیکنالوجی پارک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ یہ منصوبہ جدید خطوط پر تعمیر کیا گیا ہے، جہاں انکیوبیشن سینٹرز، اختراعی سرگرمیوں اور نئے کاروبار شروع کرنے والے نوجوانوں کے لیے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ طلبہ اور اساتذہ بھی اس منصوبے سے مستفید ہو سکیں گے، جبکہ جدید ٹیکنالوجی میں مہارت حاصل کرکے نوجوان پاکستان کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکیں گے۔وزیراعظم نے کہا کہ نیشنل ٹیکنالوجی پارک مکمل طور پر فعال ہونے کے بعد ملک کے چاروں صوبوں میں اس نوعیت کے مزید پارکس قائم کرنے کی راہ ہموار ہوگی۔ مصنوعی ذہانت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سے زراعت، صنعت، مینوفیکچرنگ، معدنیات اور سرکاری شعبوں سمیت مختلف میدانوں میں استفادہ کیا جا سکے گا۔شہباز شریف نے بتایا کہ اس منصوبے کی بنیاد 2017 اور 2018 کے دوران رکھی گئی تھی، تاہم بعد ازاں اسے تاخیر کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کے بجائے اب توجہ منصوبے کی تکمیل اور اسے نوجوانوں کے لیے جلد قابلِ استعمال بنانے پر ہونی چاہیے۔
انہوں نے منصوبے پر کام کرنے والی ٹیم، وزارت خزانہ، وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور متعلقہ حکام کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے متعدد اجلاسوں میں منصوبے کی پیش رفت کا جائزہ لیا تاکہ اسے جلد مکمل کرکے نوجوانوں کو فائدہ پہنچایا جا سکے۔وزیراعظم نے جنوبی کوریا کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ وہ پہلی مرتبہ 1985 میں جنوبی کوریا گئے تھے، جبکہ 1997 اور 1998 میں بھی وہاں کے دورے کیے۔انہوں نے جنوبی کوریا کی معاشی ترقی اور محنتی افرادی قوت کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان بھی جدید ٹیکنالوجی کے فروغ اور نوجوانوں کی پیشہ ورانہ مہارتوں میں اضافے کے ذریعے ترقی کی نئی منزلیں حاصل کر سکتا ہے۔