سندھ کے سینیئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کراچی میں جام صادق پل کا دورہ کیا اور پل کی تعمیر کے حوالے سے حتمی تاریخ کا اعلان کیا۔
انہوں نے کہا کہ پل کے کام کے آخری مراحل باقی ہیں اور یہ ایک ہفتے میں مکمل کر لیا جائے گا۔اس موقع پر سینیئر وزیر نے یلو لائن بی آر ٹی منصوبے کے ترقیاتی کاموں کا بھی جائزہ لیا۔ منصوبے کی پیش رفت کے حوالے سے انجنیئرز، کنسلٹنٹس اور دیگر حکام نے انہیں تفصیلی بریفنگ دی۔میڈیا سے گفتگو میں شرجیل میمن نے کہا کہ پیپلز پارٹی عوام کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے متعدد ٹرانسپورٹ منصوبوں پر کام کر رہی ہے اور ڈبل ڈیکر بسیں بھی جلد کراچی پہنچ جائیں گی۔
انہوں نے وفاقی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی، ن لیگ کی اتحادی نہیں بلکہ صرف تعاون فراہم کر رہی ہے، اور وفاقی حکومت کو گندم کی قلت کے معاملے پر خود کو عقل کل سمجھنے کی ضرورت نہیں ہے۔اس موقع پر سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن اور یلو لائن بی آر ٹی کے پی ڈی بھی سینیئر وزیر کے ہمراہ موجود تھے۔