وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کو دورہ سندھ میں سیاسی سرگرمیوں کی مکمل آزادی ہوگی، شرجیل میمن

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کو دورہ سندھ میں سیاسی سرگرمیوں کی مکمل آزادی ہوگی، شرجیل میمن

کراچی: سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے واضح کیا ہے کہ حکومتِ سندھ جمہوری اقدار پر مکمل یقین رکھتی ہے اور صوبے میں فری موومنٹ کی پالیسی کے تحت وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کو اپنے دورے کے دوران سیاسی اور سرکاری سرگرمیاں کرنے کی مکمل آزادی حاصل ہوگی۔

وزیر نے کہا کہ سہیل آفریدی کو ایئرپورٹ پر خوش آمدید کہنے کے لیے حکومت کا نمائندہ موجود ہوگا اور انہیں سکیورٹی اور پروٹوکول بھی فراہم کیا جائے گا۔ اگر وزیر اعلیٰ کسی جلسے یا تقریب کے لیے مخصوص گراؤنڈ چاہتے ہیں تو حکومت وہ بھی فراہم کرے گی، بشرطیکہ کوئی سرگرمی قانون کی خلاف ورزی یا عوام کے لیے پریشانی کا باعث نہ بنے۔شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ میں سیاسی اختلافات موجود ہیں، لیکن جمہوری معاشرے میں اختلافِ رائے اور تنقید برداشت کی جاتی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے تنقید جائز ہے اور پیپلز پارٹی بھی سیاسی انداز میں جواب دینے کا حق رکھتی ہے۔انہوں نے سابق وزیراعظم عمران خان کے دور میں نیب نوٹسز اور گرفتاریاں جاری ہونے کے فرق کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں ایسا طرزِ عمل نہیں اپنایا جائے گا اور تنقید کو سیاسی اخلاقیات کے دائرے میں رہتے ہوئے برداشت کیا جائے گا۔

سینئر وزیر نے کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے حوالے سے عمران خان کے مؤقف پر تنقید کی اور کہا کہ طالبان کے حق میں عمران خان کے بیانیے پر پیپلز پارٹی کو شدید اختلاف ہے۔ انہوں نے خیبرپختونخوا میں انتہا پسندی کے باعث شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کو تحفظ فراہم کرے، نہ کہ ایسے عناصر کو سہولت دے جو عوام کے لیے خطرہ ہیں۔