کراچی کو جلاؤ گھیراؤ اور ہنگامہ آرائی کے ذریعے یرغمال بنانے کی کوشش کامیاب نہیں ہونے دیں گے: شرجیل میمن

کراچی کو جلاؤ گھیراؤ اور ہنگامہ آرائی کے ذریعے یرغمال بنانے کی کوشش کامیاب نہیں ہونے دیں گے: شرجیل میمن

کراچی: سندھ کے سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کراچی میں جلاؤ گھیراؤ، توڑ پھوڑ اور ہنگامہ آرائی کے واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ احتجاج کی آڑ میں شہر کو یرغمال بنانے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔

اپنے بیان میں شرجیل میمن نے کہا کہ سیاسی مقاصد کے لیے شہریوں کی زندگی اجیرن کرنا اور شہر میں بدامنی پھیلانا انتہائی افسوسناک ہے۔ احتجاج ہر شہری اور سیاسی جماعت کا جمہوری حق ہے، تاہم اس حق کی آڑ میں عوام میں خوف و ہراس پھیلانے اور سرکاری و نجی املاک کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔سندھ کے سینئر وزیر نے کہا کہ جماعت اسلامی کو پُرامن احتجاج کا مکمل حق حاصل ہے، لیکن شرپسند عناصر کو عوامی املاک کو نقصان پہنچانے کی چھوٹ نہیں دی جا سکتی۔ احتجاج کے نام پر سڑکیں بند کرنا، آگ لگانا اور توڑ پھوڑ کرنا احتجاج نہیں بلکہ قانون کو چیلنج کرنے کے مترادف ہے۔شرجیل میمن نے واضح کیا کہ ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔ جو لوگ آگ لگائیں گے، سڑکیں بند کریں گے یا سرکاری و نجی املاک کو نقصان پہنچائیں گے، انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ حکومت کسی صورت کراچی کو جلاؤ گھیراؤ اور ہنگامہ آرائی کے ذریعے یرغمال بنانے کی کوشش کامیاب نہیں ہونے دے گی۔ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے اور اس معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ سندھ کا کورنگی میں بدامنی کے واقعے کا نوٹس
دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کورنگی میں نامعلوم افراد کی جانب سے حالات خراب کرنے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ پولیس کو فوری تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت کی کہ شرپسند عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے اور کورنگی میں امن و امان کی صورتحال ہر صورت قابو میں رکھی جائے۔سید مراد علی شاہ نے پولیس کو کورنگی کراسنگ پر موٹر سائیکلوں کو آگ لگانے میں ملوث افراد کو فوری گرفتار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے واقعے کی مکمل تحقیقات کرکے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ امن و امان خراب کرنے اور شہریوں کے جان و مال کو خطرے میں ڈالنے والے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔ حکومت شہریوں کے تحفظ اور شہر میں امن برقرار رکھنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے گی۔