ایشیا کپ کے سپر 4 مرحلے میں پاکستان اور بھارت کا بڑا ٹاکرا ہوا جس میں پاکستان کو شکست کا سامنا کرنا پڑا، تاہم میچ کے دوران ایک واقعہ سب کی توجہ کا مرکز بن گیا۔
پاکستان کے فاسٹ بولر حارث رؤف نے بھارتی شائقین کے "کوہلی، کوہلی" کے نعروں کا ایسا جواب دیا کہ بھارتی مداح دنگ رہ گئے۔ باؤنڈری پر فیلڈنگ کے دوران حارث نے انگلیوں سے 0-6 کا اشارہ بنایا اور پھر ہاتھ کو ہوائی جہاز کی طرح اُڑاتے ہوئے نیچے گرنے کا اشارہ دیا، گویا طیارہ مار گرایا ہو۔یہ منظر دیکھتے ہی شائقین کو پاکستان ایئر فورس کی اس تاریخی کامیابی کی یاد آگئی جب بھارتی فضائیہ کے 6 جنگی طیارے (جن میں 3 رافیل بھی شامل تھے) مار گرائے گئے تھے۔ اس موقع پر گراؤنڈ میں موجود شائقین نے "رافیل رافیل" کے نعرے لگائے۔سوشل میڈیا پر اس واقعے کی ویڈیوز تیزی سے وائرل ہوگئیں۔ پاکستانی شائقین نے حارث رؤف کے اس انداز کو جرات مندانہ قرار دیتے ہوئے انہیں "رافیل ہنٹر" کا خطاب دے ڈالا۔