ایشیا کپ 2025: سری لنکا نے افغانستان کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر سپر فور مرحلے میں جگہ بنا لی

ایشیا کپ 2025: سری لنکا نے افغانستان کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر سپر فور مرحلے میں جگہ بنا لی

ابو ظبی: ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی 2025 کے 11 ویں میچ میں سری لنکا نے افغانستان کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر سپر فور مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا، جبکہ افغان ٹیم کا ایونٹ میں سفر ختم ہوگیا۔ گروپ بی کے اس اہم میچ میں سری لنکا نے افغانستان کا 170 رنز کا ہدف بآسانی 19 ویں اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

افغانستان کے کپتان راشد خان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ افغانستان نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 169 رنز اسکور کیے۔ محمد نبی نے 22 گیندوں پر 60 رنز کی برق رفتار اننگز کھیل کر نمایاں کارکردگی دکھائی، جس میں 6 چھکے اور 3 چوکے شامل تھے۔ اس کے علاوہ ابراہیم زادران اور راشد خان نے 24،24 رنز بنا کر ٹیم کی اننگز کو سہارا دیا۔ صدیق اللہ نے 18 اور رحمان اللہ گرباز نے 14 رنز کا اضافہ کیا۔

سری لنکا کی جانب سے نوان تھوشارا نے بہترین بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 اہم وکٹیں حاصل کیں۔

جواب میں سری لنکا نے افغانستان کا ہدف بآسانی حاصل کیا۔ کوشل مینڈس نے 74 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور کمندو مینڈس 26 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے، جس کی بدولت ٹیم نے فتح حاصل کی اور سپر فور مرحلے کے لیے اپنی جگہ مضبوط کر لی۔

اس فتح کے ساتھ سری لنکا نے گروپ بی میں اپنی پوزیشن مستحکم کر دی ہے، جبکہ افغانستان کی ٹیم کو ایونٹ سے الوداع کہنا پڑا۔