ویب ڈیسک: اوپن اے آئی (AI) نے جدید مصنوعی ذہانت سے چلنے والے براؤزر "ChatGPT Atlas" کے اجرا کا اعلان کیا ہے۔
کمپنی کے مطابق، یہ براؤزر ابتدایً طور پر macOS کے لیے دستیاب ہوگا، اور جلد ہی Windows، iOS، اور Android ورژنز بھی متعارف کرائے جائیں گے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ "ChatGPT Atlas" تمام مفت صارفین کے لیے بھی دستیاب ہوگا۔مصنوعی ذہانت کی تیزی سے بڑھتی ہوئی دنیا میں براؤزرز ایک نیا میدان بن چکے ہیں۔ گوگل کروم طویل عرصے سے اس میدان میں حکمران رہا ہے، مگر ماہرین کا کہنا ہے کہ AI چیٹ بوٹس اور ایجنٹس نے آن لائن کام کرنے کے انداز کو مکمل طور پر بدل دیا ہے۔ اسی وجہ سے کئی اسٹارٹ اپس نے اپنے AI براؤزرز لانچ کیے ہیں۔اوپن اے آئی کے انجینئرنگ لیڈ "بین گوڈجر" نے براہِ راست نشریات کے دوران بتایا کہ "ChatGPT Atlas" میں چیٹ جی پی ٹی کا بنیادی کردار ہے۔ صارفین اب اپنے سرچ نتائج سے براہ راست گفتگو کرسکیں گے۔
ChatGPT Atlas کے اہم فیچرز:
سائیڈ کار پینل: یہ فیچر صارف کے سامنے موجود ویب پیج سے خودکار طور پر معلومات حاصل کرکے چیٹ جی پی ٹی کو سیاق و سباق فراہم کرتا ہے، جس سے صارفین کو بار بار ٹیکسٹ کاپی یا لنکس ڈریگ کرنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔
براؤزر ہسٹری: یہ فیچر صارف کے وزٹ کیے گئے ویب صفحات کو محفوظ رکھتا ہے تاکہ جوابات مزید ذاتی نوعیت کے ہوں۔
ایجنٹ موڈ: یہ فیچر صارف کی جانب سے آن لائن چھوٹے کام خود انجام دے سکتا ہے، لیکن یہ فیچر فی الحال صرف Plus، Pro، اور Business صارفین کے لیے دستیاب ہے۔
اوپن اے آئی کے ہیڈ آف چیٹ جی پی ٹی "نک ٹرلی" نے ایک انٹرویو میں کہا کہ وہ براؤزرز کو "نئے دور کے آپریٹنگ سسٹم" کے طور پر دیکھتے ہیں۔ ان کے مطابق، جیسے براؤزرز نے انٹرنیٹ کے استعمال کا طریقہ بدل دیا، ویسے ہی چیٹ جی پی ٹی آن لائن کام کرنے کے طریقوں میں انقلاب لانے والا ہے۔