سعد رضوی کی جائیدادیں سیل ،فنڈنگ کرنیوالے 4ہزار 300 افراد کے بینک اکائونٹس منجمد

لاہور(خصوصی رپورٹ)وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا سعد رضوی کے نام پر موجود 95 بینک اکائونٹس اور ان کی مسروقہ و غیر مسروقہ جائیدادیں سیل کر دی ہیں، جبکہ فنڈنگ کرنیوالے 4ہزار 300 افراد کے بینک اکائونٹس منجمد کردئیے ہیں۔اس مذہبی جماعت کی قیادت کو تین درجوں (تین ٹیئرز) میں تقسیم کیا گیا ہے اور اْن کے خلاف سخت کریک ڈائون جاری ہے۔ پریس کانفرنس کے دوران وزیر اطلاعات نے کہا کہ مریدکے آپریشنز کے دوران تین عام شہریوں کے شہید اور 48 کے زخمی ہونے کی بات کہی؛ ساتھ ہی 118 پولیس اہلکار گولیوں سے زخمی ہوئے۔ آٹھ پولیس وینز اسلحہ سمیت مظاہرین کے ہاتھ لگ گئیں اور انہی ہتھیاروں سے پولیس پر حملے کیے گئے، نیز اینٹوں سے بھری ٹرالیاں استعمال کر کے پولیس پر حملے ہوئے۔ مذہبی جماعت کا سوشل میڈیا سیل اب بھی پراپیگنڈا کر رہا ہے، مظاہرین نے سیف سٹی کے کیمروں کو توڑ دیا تاکہ شواہد مٹ جائیں، حالانکہ تمام حملوں کی فوٹیجز (ویڈیو شواہد) موجود ہیں، شاہدرہ میں پولیس اہلکار پر تشدد کی ویڈیو بھی موجود ہے، غزہ اور فلسطین کے نام پر لوگوں کو اشتعال دلوا کر تشدد کروایا گیا۔عظمیٰ بخاری نے بتایا کہ اسلام کے نام پر لاکھوں روپے چندہ جمع کیا گیا اور سعد رضوی کے گھر سے 1 کلو 920 گرام سونا، 898 گرام چاندی اور 28 سونے کے کنگن برآمد ہوئے، اسی طرح ان کے ہیڈکوارٹرز کے اردگرد بینامی جائیدادیں خریدی گئی تھیں اور وفاداروں کی ایک ٹیم بنائی گئی جس کے لیے رہائش کا بندوبست بھی کیا گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ سیاستدانوں اور صحافیوں کو دھمکیاں دینے کے لیے منظم سیل بنایا گیا تھا، انہوں نے واضح کیا کہ کسی کی قبر کو منتقل نہیں کیا جا رہا، قبر کا استعمال کر کے چندہ جمع کرنے یا اشتعال انگیزی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔عظمیٰ بخاری نے بتایا کہ 4ہزار 300 افراد اس مذہبی جماعت کو باقاعدہ طور پر فنڈنگ کرتے رہے اور ان لوگوں کے اکائونٹس فریز کر دیئے گئے ہیں، اگر کوئی دوبارہ فنڈنگ کی کوشش کرے گا تو اس کے خلاف دہشت گردی کے مقدمات درج کیے جائیں گے۔کسی مسجد کو مسمار نہیں کیا جا رہا بلکہ اس مذہبی جماعت کی تمام مساجد کو محکمہ اوقاف کے حوالے کر دیا جائے گا، حکومت نے 330 مساجد کا کنٹرول سنبھال لیا ہے، وہ کھلی ہوئی ہیں اور نماز کے لیے استعمال ہو رہی ہیں، اس کے علاوہ 223 مدرسوں کی جیوٹیگنگ کر لی گئی ہے اور اس مذہبی جماعت کے مدرسے بھی جلد کھول دیئے جائیں گے، جن کا کنٹرول اہلسنت و جماعت کے علماء￿  کو دیا جائے گا۔اس جماعت کے 6 مدرسے سرکاری زمین پر بنے ہوئے تھے، مذہبی جماعت کے خلاف مقدمات کی پیروی کے لیے سپیشل پراسیکیوشن سیل قائم کر دیا گیا ہے اور حکومت اس بات کو یقینی بنائے گی کہ عدالتی کارروائی مکمل ہو۔انہوں نے اعلان کیا کہ 33 دہشت گردی سے متعلق مقدمات میں نامزد افراد کو گرفتار کیا جائے گا، دونوں بھائیوں کو گرفتار کرنے کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور وفاقی حکومت کو اس مذہبی جماعت کو بین کرنے کی سفارش کر دی گئی ہے، حکومت امید کرتی ہے کہ یہ جماعت جلد پابندی کی فہرست میں شامل ہو جائے گی۔عظمیٰ بخاری نے کہا تحریک انصاف کے بیرونِ ملک موجود عناصر اس معاملے میں مداخلت کر رہے ہیں اور یہ تحریک فساد اور یہ دہشت گرد گروپ ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں، رضوی برادران کو پناہ دینے والوں سے بھی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔